لاہور ہائیکورٹ نے پولیس سے پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈاؤن پر تفصیلی رپورٹ طلب کرلی

لاہور ہائیکورٹ نے پولیس سے پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈاؤن پر تفصیلی رپورٹ طلب کرلی

لاہور۔13اپریل (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے شہر میں پابندی کے باوجود جاری پتنگ بازی کے خلاف درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے پولیس سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ۔جسٹس اویس خالد نے جوڈیشل ایکٹوازم پینل کی درخواستوں پر سماعت کی۔ سوموار کو عدالتی حکم پر ایس ایس پی انویسٹیگیشن توقیر احمد اور ڈپٹی کمشنر لاہور عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے حکم دیا کہ پتنگ بازی کی خلاف ورزی پر درج مقدمات کی مکمل تفصیلات فراہم کی جائیں جبکہ یہ بھی بتایا جائے کہ پولیس کی جانب سے ضبط کی گئی پتنگوں اور ڈور کو تلف کرنے کا کیا طریقہ کار ہے۔عدالت نے پتنگ اور ڈور کی قیمتوں کے تعین کے لیے اپنائے گئے میکنزم اور پتنگ بازی سے ہونے والی اموات و زخمیوں کی مکمل تفصیلات بھی طلب کر لیں۔عدالت نے آئندہ ایسے حادثات کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات تجویز کرنے کا حکم دیا اور سماعت 23 اپریل تک ملتوی کر دی۔