لاہور۔19مئی (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے منشیات کے پیسوں سے منی لانڈرنگ کے ذریعے جائیدادیں بنانے کے مقدمے میں ملزمہ رمشا اور ماریا کی عبوری ضمانت میں 21 مئی تک توسیع کر دی، عدالت نے اے این ایف سے جائیدادوں کی فروخت کا مکمل ریکارڈ طلب کر لیا۔جسٹس فاروق حیدر اور جسٹس علی ضیا باجوہ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے درخواستوں پر منگل کوسماعت کی۔ سماعت پر اے این ایف کے وکیل یاسر صدیقی نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ درخواست گزار ملزمہ بہنوں نے منشیات کی فروخت سے جائیدادیں بنائیں جو منی لانڈرنگ کے زمرے میں آتی ہیں، ان کی والدہ پہلے ہی منشیات کے مقدمے میں جیل میں ہیں جبکہ دو دیگر بہنیں مفرور ہیں۔اے این ایف کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزمہ بہنوں کی درخواست ضمانت مسترد کی جائے۔درخواست گزاروں کے وکیل نے موقف اپنایا کہ ملزمہ بہنوں کو والد کی جانب سے چار مکانات وراثت میں ملے تھے جنہیں فروخت کر کے نئی جائیداد خریدی گئی۔ منشیات کے ذریعے جائیدادیں بنانے کا الزام بے بنیاد ہے۔عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر عبوری ضمانت میں 21 مئی تک توسیع کرتے ہوئے مزید سماعت ملتوی کر دی۔