لاہور۔19مئی (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے چیک ڈس آنر کے مقدمے میں گرفتار شفیق احمد کی بعد از گرفتاری ضمانت منظور کرتے ہوئے ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دے دیا۔درخواست ضمانت پر سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل شاہد شوکت نے عدالت کو بتایا کہ شفیق احمد 67 سالہ عمر رسیدہ شہری ہیں اور دسمبر 2025 سے جیل میں قید ہیں۔ مدعی مشترکہ کاروبار یا مشترکہ ملکیت کا کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکا اس لیے درخواست گزار کو ضمانت پر رہا کیا جائے۔مدعی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم مدعی کا بڑا بھائی ہے اور دونوں کا مشترکہ کاروبار تھا جس سے ایک گھر خریدا گیا۔ گھر اپنے نام منتقل کروانے پر ملزم نے ایک کروڑ 75 لاکھ روپے کا چیک دیا جو کیش نہ ہو سکا، بعد ازاں ملزم نے رقم ادا کرنے سے انکار کر دیا۔مدعی کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم کو رقم کی ادائیگی کا حکم دیا جائے۔عدالت نے دلائل سننے کے بعد شفیق احمد کی بعد از گرفتاری ضمانت منظور کر لی۔