لاہور۔27اپریل (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ لاہور نے گرانفروشی پر18 افراد کو گرفتار ، 6 دکانیں سیل اور ایک لاکھ 34 ہزار روپے کے جرمانے کئے۔ترجمان کے مطابق ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن محمد علی اعجاز کی زیر نگرانی پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے پیر کو شہر بھر میں 5 ہزار 242 مقامات پر کارروائی کرتے ہوئے سرکاری نرخوں کا نفاذ یقینی بنایا اور گراں فروشی پر ایک لاکھ 34 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے جبکہ وارننگ کے باوجود خلاف ورزی کرنے والے 18 افراد کو گرفتار کر کے 6 دکانیں سیل کر دیں۔ اس کارروائی کا مقصد شہریوں کو مقررہ نرخوں پر معیاری اشیائے ضروریہ کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے تمام مجسٹریٹس کو روزانہ فیلڈ مانیٹرنگ اور ہر دکان پر سرکاری ریٹ لسٹ کی موجودگی یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔ شہری شکایات کےلئے نمبر 03070002345 پر رابطہ کریں۔