لاہور میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کا بیکری یونٹس کے خلاف کریک ڈاؤن، 11 لاکھ روپے جرمانہ

لاہور میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کا بیکری یونٹس کے خلاف کریک ڈاؤن، 11 لاکھ روپے جرمانہ

لاہور۔19مئی (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی نے صنعتی اسٹیٹ اور نشتر کے علاقوں میں بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے معروف بیکری اینڈ کیک پروڈکشن یونٹس کی چیکنگ کی، جس دوران ناقص اور غیر معیاری خوراک کے استعمال پر تین یونٹس کو مجموعی طور پر 11 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ترجمان کے مطابق کارروائی پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل سید موسیٰ رضا کی ہدایت پر کی گئی، جس میں بڑی مقدار میں ناقص اور ایکسپائر اشیائے خورونوش بھی تلف کر دی گئیں۔کارروائی کے دوران 104 کلو بریڈ، 2 من چاکلیٹ، 40 کلو اسپریڈ اور ایک من سے زائد ایکسپائر اشیا تلف کی گئیں۔ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ ایک بیکری یونٹ میں ایکسپائر چاکلیٹ اور مضر صحت اجزا استعمال کر کے کیک تیار کیے جا رہے تھے، جبکہ تیار شدہ اشیاء کو قوانین کے برعکس کھلے عام اور بغیر ڈھانپے رکھا گیا تھا۔مزید بتایا گیا کہ فریزرز میں کاکروچ اور آٹے کے تھیلوں پر چوہوں کے نشانات بھی پائے گئے، جس پر فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ڈی جی نے کہا کہ خوراک کے کاروبار میں ملوث خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ ادارے کی ٹیمیں 24 گھنٹے فیلڈ میں متحرک ہیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی مشکوک یا غیر معیاری خوراک کی اطلاع فوری طور پر فوڈ اتھارٹی ہیلپ لائن پر دیں۔