لاہور میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر سخت کارروائی کا آغاز،متعدد چالان

لاہور میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر سخت کارروائی کا آغاز،متعدد چالان

لاہور۔28اپریل (اے پی پی):لاہور میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر سخت کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ماڈل روڈ زپر خصوصی کریک ڈاون کے دوران شہریوں کو قوانین کی پابندی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔چیف ٹریفک آفیسر سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق مجموعی طور پر 2132 چالان کیے گئے، جبکہ سنگین خلاف ورزیوں پر 818 گاڑیاں شہر کے مختلف تھانوں میں بند کی گئیں۔ترجمان کے مطابق لین لائن کی خلاف ورزی پر 690 موٹر سائیکل سواروں کے خلاف کارروائی کی گئی،ون وے کی خلاف ورزی پر 185 موٹر سائیکل سواروں کو چالان کیا گیا۔ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی پر 24 افراد کے خلاف کارروائی کی گئی۔بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے پر 630 بائیک رائیڈرز کو چالان جاری کیے گئے۔اسی طرح ٹریفک میں رکاوٹ بننے والے 6 موٹر سائیکل سواروں اور 9 کم عمر ڈرائیورز کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی گئی۔سی ٹی او لاہور نے انفورسمنٹ بڑھانے کا حکم دیتے ہوئے افسران سے فی گھنٹہ کارکردگی رپورٹ طلب کر لی ہے، جبکہ ڈویژنل ایس پیز اور سرکل افسران کو فیلڈ میں ذاتی نگرانی کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ترجمان نے بتایا کہ شہریوں کی حفاظت اور ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لیے یہ کریک ڈاون مزید سخت کیا جائے گا۔