لاہور۔13اپریل (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ لاہور نے سمارٹ لاک ڈاون کی خلاف ورزی پر مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئےچوبیس گھنٹوں میں 7 افراد کو گرفتار کر کے 59 دکانیں سیل اور بھاری جرمانے عائد کر دئیے۔ترجمان کے مطابق ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی زیر نگرانی اسسٹنٹ کمشنر صدر ڈاکٹر عابد ممتاز خان سیال نے بیدیاں روڈ اور برکی روڈ پر انسپکشن کی اور تحصیل صدر میں ڈائن ان بند کرایا جبکہ مارکیٹ صدور اور انجمن تاجران کو نئے اوقات کار پر عملدرآمد کی ہدایت کی۔ اسسٹنٹ کمشنر کینٹ سیدہ سنبل جاوید نے 515 انسپکشنز میں 15 خلاف ورزیاں پکڑیں، 11 دکانیں سیل کیں، ایک شخص کو گرفتار اور 30 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔ پی اے ایف مارکیٹ، ڈی ایچ اے فیز 8، سرور روڈ، غازی روڈ، ایئرپورٹ روڈ، علامہ اقبال روڈ، دھرم پورہ، والٹن روڈ اور کیولری روڈ کی نگرانی کی گئی۔ والٹن روڈ پر متعدد دکانیں سیل ہوئیں جبکہ علامہ اقبال روڈ اور دھرم پورہ میں سمارٹ لاک ڈائون کی تعمیل پائی گئی۔
اسسٹنٹ کمشنر شالیمار محمد عامر بٹ نے 540 انسپکشنز میں 16 خلاف ورزیوں پر 13 دکانیں سیل اور 3 افراد کو گرفتار کیا۔ شالیمار لنک روڈ، داروغہ والا، باغبانپورہ، مغلپورہ، نسبت روڈ، سنگھ پورہ، گڑھی شاہو، تاجپورہ، بند روڈ اور لال پل پر کارروائیوں کے دوران ہوٹل مالک کو سیل توڑنے پر گرفتار کیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر راوی حمیرا شاہ نے مصری شاہ روڈ پر سیلنگ کی اور دس بجے ڈائن ان بندش کے اعلانات کرائے۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی بابر علی رائے نے 500 انسپکشنز پر 20 خلاف ورزیوں پر 20 دکانیں سیل کیں۔ اسسٹنٹ کمشنر نشتر محمد سلیم آسی نے 955 انسپکشنز میں 9 خلاف ورزیوں پر 9 دکانیں سیل کیں۔ اسسٹنٹ کمشنر اقبال ٹاون طارق شبیر نے نیازی بیگ، ملتان روڈ اور جوہر ٹائون جی آئی مارکیٹ میں تعمیل یقینی بنائی۔ اسسٹنٹ کمشنر واہگہ حافظ ذیشان منظور نے جی ٹی روڈ پر 6 دکانیں سیل کیں۔ اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ زہیب ممتاز نے مانگا اور لیک سٹی میں کارروائی کرتے ہوئے 3 دکانیں، ایک ریسٹورنٹ سیل اور 3 افراد کو گرفتار کیا۔