لاہور۔18اپریل (اے پی پی):لاہور سے حج کی پہلی پرواز ہفتہ کے روز340 عازمین حج کو لیکر سعودی ایئر لائن sv 5735 کے ذریعے مدینہ منورہ روانہ ہو گئی۔حجاج کرام کی سہولت کی خاطر لاہور ایئر پورٹ کو پہلی بار روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ میں شامل کیا گیا ہے۔لاہور سے پہلی بار حج کی پرواز روٹ ٹو مکہ کے تحت روانہ ہوئی۔وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف،پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید الما لکی،چیئر مین پاکستان علما کونسل مولانا طاہر محمود اشرفی،صوبائی وزرا خواجہ سلمان رفیق،میاں مجتبی شجاع الرحمن نے حجاج کرام کو ایئر پورٹ سے روانہ کیا۔ اس مو قع پر منعقدہ تقریب سے خطا ب کر تے ہو ئے وفاقی وزیر برا ئے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ آج ان کے لیے تاریخی موقع ہے کہ وہ روٹ ٹو مکہ کے تحت پہلی پرواز کو رخصت کر ر ہے ہیں،اللہ تعالی کا شکر گزار ہوں کہ اس نے مجھے اپنے مہمانوں کی خدمت کا موقع دیا۔
سردار محمد یوسف نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت تھیں کہ حجاج کرام کو بہترین سہولیات مہیا کی جائیں اور ہم سب عازمین حج کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کے لیے بھر پور کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاہور سے30 ہزار کے قریب عازمین حج روانہ ہونگے جبکہ95800 پاکستانی حجاج کرام تقریبا80 فیصد روٹ ٹو مکہ کی سہولت حاصل کر سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ پہلی بار ہر188 حجاج کرام کے ساتھ ایک ناظم مقرر کیا گیا ہے جبکہ ہر حاجی کو مفت آن لا ئن نیٹ سروس فراہم کی جائے گی،جس میں انٹرنیٹ کی سہولت بھی شامل ہو گی۔سردار محمد یوسف نے کہا کہ حج کے سفرکو مزید آرام دہ بنانے کے لیے ایئر کنڈیشنر خیمے موجود ہونگے،اس سال24 ہزار حجاج کو مکہ اور مدینہ کے درمیان جدید ترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ حجاج کرام سعودی عرب کے قوانین پر عملدرآمد کریں اور پاکستان کیلئے خصوصی دعا کریں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ان کی پوری ٹیم کی رات دن کی محنت سے حجاج کرام کو اس سال کوئی مشکلات پیش نہیں آئیں گی،تمام عازمین حج سے درخواست ہے کہ اپنا خاص خیال رکھیں اور امت مسلمہ کیلئے خاص دعا کریں۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ حجاج کرام کو بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے۔چیئرمین پاکستان علما کونسل مولانا طاہر محموداشرفی نے کہا کہ وہ سعودی حکومت کے شکر گزار ہیںکہ لاہور کو روٹ ٹو مکہ میں شامل کیا گیا،روٹ ٹو مکہ آپ کو سہولت کے ساتھ حج کرواتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ گھر سے گھر تک امن اور صحت کے ساتھ حج کرنے کی سہولت ہے،یہ سہولت حجاج کرام کے حج کے سفر کو نہایت آرام دہ بنائے گی۔صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ میں پنجاب حکومت کی نمائندگی کر تے ہو ئے نواف بن سعید المالکی کو خوش آمدید کہتا ہوں،پاکستان اور سعودی عرب کا رشتہ مضبوط رشتہ ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کا دن تاریخی ہے کہ روٹ ٹو مکہ میں پاکستان کا تیسرا ایئرپورٹ شامل ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ امسال حج کے موقع پر بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔صوبائی وزیر مجتبی شجاع الرحمن نے کہا کہ لاہور کا روٹ ٹو مکہ میں شامل ہونا اعزاز کی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ حج ایک سفر نہیں بلکہ روحانی تجربہ ہے۔روٹ ٹو مکہ کے تحت عازمین حج کا سفر آسان بنایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سہولت سے حجاج کرام کو بہت فائدہ ہو گا۔اس سسٹم کے تحت حجاج کرام کی امیگریشن لاہور ائیرپورٹ پر ہی مکمل کر لی جائے گی۔اس مو قع پرحج کے سفر پر جانے والے مسافروں نے حکومت پاکستان اور سعودی حکومت کا خصوصی شکریہ ادا کیا ۔حجاج کرام کا کہنا تھا کہ روٹ ٹو مکہ کے تحت انکا سفر نہایت آرام دہ ہو گیا ہے۔حجاج کرام نے کہا کہ پاکستان حکومت نے اس بار حج کے بہترین انتظامات کئے ہیں۔