لاہور۔28اپریل (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی نے لاہور میں کارروائی کے دوران غیر معیاری خوراک اور حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر نجی مال کے ایک بینکوئٹ ہال اور سری پائے پروسیسنگ یونٹ کو بند کر کےمجموعی طور پر 3 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔ترجمان کے مطابق یہ کارروائی جوہر ٹاون اور بکر منڈی کے علاقوں میں کی گئی۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی سید موسی رضا نے کہاکہ سری پائے دھونے کے لیے گندا اور خون آلود پانی استعمال کیا جا رہا تھا جبکہ پلاسٹک اور بال جلا کر پائے تیار کیے جا رہے تھے۔ اس دوران آلودہ فرش، گندے ٹب اور صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات بھی سامنے آئے جبکہ انتہائی لازم ریکارڈ، فوڈ ہینڈلرز کے میڈیکل اور ٹریننگ سرٹیفکیٹس بھی موجود نہیں تھے اور ماضی میں متعدد بار وارننگ اور اصلاحی نوٹس کے باوجود بہتری نہیں لائی گئی۔کارروائی کے دوران بینکوئٹ ہال کے کچن میں کاکروچ، زنگ آلود فریزر اور مکسنگ مشین بھی پائی گئی۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے واضح کیا کہ قوانین کے خلاف خوراک کا کاروبار کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا ۔