اسلام آباد۔18مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر فضل چوہدری نے قومی اسمبلی کو بتایا ہےکہ ایوان کی کارروائی کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کرنے کے لئے اقدامات جاری ہیں۔ایک پوائنٹ آف آرڈر کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسمبلی کے تمام ارکان کو پہلے ہی ٹیبلیٹس فراہم کر دیئے گئے ہیں اور نئے ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے پارلیمانی کارروائی اپ لوڈ کرنے کا عمل شروع ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سسٹم استعمال کرنے میں کسی بھی رکن کو کوئی دشواری پیش آئے تو وہ فوری طور پر اسمبلی حکام کو مطلع کرے کیونکہ آئی ٹی وزارت کے متعلقہ افسران اور معاون عملہ ارکان کی مدد کے لئے دستیاب ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد انتظامی اخراجات کو کم کرنا ہے خاص طور پر پرنٹنگ کے اخراجات کو کم کرنا ہے تاکہ عوامی وسائل کا زیادہ موثر استعمال ہو سکے۔
انہوں نے ارکان کو یقین دلایا کہ کسی بھی تکنیکی مسئلے کو فوری طور پر حل کیا جائے گا جبکہ آئندہ سیشنز میں سسٹم کو مکمل طور پر مستحکم کرنے کے لئے مسلسل کوششیں جاری ہیں۔