اسلام آباد۔11مئی (اے پی پی):قومی اسمبلی نے 10 مئی 2025 کو بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کی مسلح افواج کے بہادر اور پیشہ وارانہ ردعمل کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ایک تاریخی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی جس میں کہا گیا ہے کہ معرکہ حق میں دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا گیا جبکہ بھارت کو خبردار کیا گیا کہ پاکستان کے امن پسند رویے کو کمزوری نہ سمجھا جائے، پاکستان اپنی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے خلاف کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دے گا۔ پیر کو قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے قرارداد ایوان میں پیش کی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان بھارت کی بلااشتعال جارحیت کی پرزور مذمت کرتے ہوئے پاکستان کی مسلح افواج کی بے مثال مہارت، تیاری اور جرأت مندانہ جواب کو قومی فخر قرار دیتا ہے۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ 22 اپریل 2025 کو بھارت کے غیر قانونی طور پر زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعہ کے بعد بھارتی حکومت اور اس کے میڈیا نے بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر الزامات لگائے جبکہ پاکستان نے اس واقعہ کی فوری مذمت کی۔ ایوان نے وزیراعظم کی جانب سے شفاف تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کے باوجود بھارت کے 6 مئی 2025 کے بلااشتعال فضائی حملے کی شدید مذمت کی جس میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں،وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں 10 مئی 2025 کو شروع کئے گئے “آپریشن بنیانٌ مرصوص” کی تعریف کرتے ہوئے قرارداد میں کہا گیا کہ اس کارروائی میں دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا گیا۔پاکستان فضائیہ کی جرأت اور مہارت کو سراہتے ہوئے قرارداد میں کہا گیا کہ فضائیہ نے برق رفتاری سے فضائی برتری حاصل کرتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے متعدد طیاروں، بشمول جدید رافیل طیاروں کو مار گرایا۔ پاکستان کے JF-17 تھنڈر طیاروں نے بھارت کے جدید ترین S-400 دفاعی نظام کو بھی تباہ کر دیا۔اس کے علاوہ پاکستان بری، بحری اور فضائی افواج کے تمام افسران، جوانوں، سپاہیوں، ائیرمین اور سیلرز کی بہادری اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ قراداد میں کہاگیا کہ آپریشن کے دوران دشمن کے بریگیڈ ہیڈ کوارٹر، فضائی اڈوں اور براہموس میزائل تنصیبات کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا۔پاکستان بحریہ کی حکمتِ عملی اور تیاری کو بھی سراہا گیا جس کی وجہ سے دشمن کو پسپائی اختیار کرنی پڑی۔شہداء کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے ایوان نے زمینی، فضائی، بحری اور سائبر محاذوں پر دشمن کو عبرتناک شکست دینے والے جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔سائبر ماہرین کی خدمات کو بھی سراہا گیا۔
قرارداد میں بھارت کو دوٹوک الفاظ میں خبردار کیا گیا کہ پاکستان کے امن پسند رویے کو کمزوری نہ سمجھا جائے، پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے خلاف کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔قرارداد میں ایوان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پوری پاکستانی قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ ملک کی سلامتی، نظریاتی سرحدوں اور خودمختاری کے دفاع کے لئے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔