اسلام آباد۔12مئی (اے پی پی):قومی اسمبلی نے ممتاز پاکستانی ایڈونچر ایتھلیٹ ثمر خان کی شاندار کامیابی پرتہنیتی قراردادکی منظوری دیدی۔منگل کوقومی اسمبلی کے اجلاس میں سحرکامران نے ممتاز پاکستانی ایڈونچر ایتھلیٹ ثمر خان کیلئے تہنیتی قراردادایوان میں پیش کرنے کی اجازت چاہی، اجازت ملنے پرانہوں نے قراردارایوان میں پیش کردی جس کی ایوان نے منظوری دیدی،قراردارکے متن میں کہاگیاہے کہ یہ ایوان ممتاز پاکستانی ایڈونچر ایتھلیٹ ثمر خان کی شاندار کامیابی کو سراہتا اور اسے تسلیم کرتا ہے، جنہوں نے ماؤنٹ ایلبرس کو کامیابی سے سر کیا اورسنوبورڈنگ کرتے ہوئے نیچے اتریں، یوں وہ یہ کارنامہ انجام دینے والی پہلی پاکستانی خاتون بن گئیں۔
یہ ایوان ایڈونچر اسپورٹس میں ان کی مسلسل خدمات کا بھی اعتراف کرتا ہے، جن میں دنیا کی پہلی خاتون کے طور پر بیافو اور گاڈون آسٹن گلیشیئر ز پر سائیکل چلانا اور ماؤنٹ کلیمنجار و پر سائیکل چلانے والی پہلی پاکستانی ہو نا شامل ہے، جو ان کی غیر معمولی جرات، عزم اور استقلال کی عکاسی کرتا ہے۔
یہ ایوان ثمر خان کو پاکستان کے لیے عالمی سطح پر شناخت حاصل کرنے اور ملک بھر کی نوجوان خواتین کے لیے مشعل راہ بننے پر مبارکباد پیش کرتا ہے۔