قومی اسمبلی اجلاس، ہائر ایجوکیشن کمیشن نے مختلف وظائف کی سکیموں کے تحت ترکیہ میں تعلیم کے لیے طلبہ کو 147 وظائف تفویض کیے

قومی اسمبلی اجلاس، ہائر ایجوکیشن کمیشن نے مختلف وظائف کی سکیموں کے تحت ترکیہ میں تعلیم کے لیے طلبہ کو 147 وظائف تفویض کیے

اسلام آباد۔15مئی (اے پی پی):قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد نے مختلف وظائف کی سکیموں کے تحت ترکیہ میں تعلیم کے لیے طلبہ کو 147 وظائف تفویض کیے گئےہیں۔جمعے کو قومی اسمبلی کو وقفہ سوالات کے دوران بتایا گیا کہ2003ء سے تعلیمی پروگرام کے تحت 6 سکالرشپ پروگرامز کے تحت پوسٹ ڈاکٹریٹ میں6، پی ایچ ڈی 130، ایم ایس 6 اور انٹرنل ریسرچ سپورٹ انیشی ایٹو پروگرام (آئٓی آر ایس آئٓی پی)کے تحت بیرونِ ملک 5 طلبہ کو وظائف دیے گئے۔ شعبہ وار اعداد وشمار کے مطابق زرعی و ویٹرنری علوم 3،فنون و علومِ انسانی6،حیاتیاتی و طبی علوم11،بزنس ایجوکیشن9،انجینئرنگ و ٹیکنالوجی 94 ،طبعی علوم16 اور سماجی علوم8 ہیں۔ایک اور سوال کے جواب میں وزارت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کی جانب سے قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد میں نجی سکولوں کے قیام کی اجازت ترجیحا محفوظ ،پُرسکون اور کم ٹریفک والے علاقوں میں دی جاتی ہے ۔ایوان کو بتایا گیا کہ نجی سکولوں کے قیام کی اجازت متعلقہ علاقوں میں سرکاری تعلیمی سہولیات کی کمی کو مدنظر رکھتے ہوئے دی جاتی ہے۔ جہاں تک بلیو ایریا، سیکٹر جی- 6 اور آبپارہ کے گرد و نواح کا تعلق ہے، ان علاقوں میں گنجان اور مرتکز آبادی ہے جہاں بڑی تعداد میں فلیٹس اور بلند و بالا عمارتیں موجود ہیں۔ دوسری جانب، سرکاری تعلیمی سہولیات وہاں کے رہائشیوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ناکافی ہیں لہٰذا ان علاقوں میں نجی سکولوں کو اپنی سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت دی گئی ہے جن میں 17 نجی سکولوں میں مجموعی طور پر 6266 طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ایوان کو بتایا گیا کہ 432 مربع فٹ کے ایک کمرے میں زیادہ سے زیادہ تیس طلبہ کی اجازت ہوتی ہے، ایسے نجی سکولوں میں کھیل کے میدانوں کی عدم دستیابی جگہ کی کمی کے باعث ہے تاہم، ان نجی سکولوں کی انتظامیہ باقاعدگی سے اپنی کھیلوں اور ہم نصابی سرگرمیوں کا انعقاد سی ڈی اے کے قریبی گراؤنڈز اور اسلام آباد سپورٹس کمپلیکس میں کرتی رہتی ہے۔