اسلام آباد۔12مئی (اے پی پی):فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے )نے سیکٹر ایف14 اور ایف15 میں ترقیاتی سرگرمیوں کو تیز کرتے ہوئے متاثرین سے اہم شاہراہوں، سروس روڈز اور ملحقہ علاقوں کا قبضہ حاصل کر لیا ہے۔ اتھارٹی کے مطابق اس پیشرفت سے انفراسٹرکچر کی تعمیر و ترقی کے عمل میں مزید تیزی آئے گی۔منگل کو جاری پریس ریلیز کے مطابق ڈائریکٹر جنرل فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کیپٹن (ر) ظفر اقبال کی ہدایات پر ڈپٹی کمشنر/ایل اے سی الماس صبیح ثاقب کی زیر نگرانی سیکٹر ایف14 اور ایف15 میں کارروائی کرتے ہوئے مختلف اہم علاقوں کو واگزار کرا لیا گیا۔پریس ریلیز کے مطابق ایسٹ ایف14 مرکز روڈ اور اس سے ملحقہ علاقوں کو مکمل طور پر کلیئر کرا لیا گیا جبکہ ویسٹ ایف14 سروس روڈ اور اطراف کے علاقوں کا قبضہ بھی حاصل کر لیا گیا ہے۔
اسی طرح ایف14 مرکز کی تمام سڑکیں اور ملحقہ علاقے بھی واگزار کرا لئے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر الماس صبیح ثاقب نے کہا کہ اہم راستوں کی کلیئرنس سے ترقیاتی کاموں میں نمایاں بہتری آئے گی اور مستقبل میں جدید انفراسٹرکچر کی تعمیر میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام اقدامات ڈائریکٹر جنرل کی خصوصی ہدایات اور مسلسل نگرانی میں کئے جا رہے ہیں۔
اتھارٹی کے مطابق گزشتہ روز متاثرین کو ان کے جائز حقوق کی فراہمی کے لئے پروویژنل آفر لیٹرز بھی تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر حکام نے متاثرین کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے مسائل کے بروقت حل، شفافیت کے فروغ اور حقوق کے تحفظ کے لئے تمام ممکنہ اقدامات جاری رہیں گے۔
پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل کی ذاتی دلچسپی، مؤثر حکمت عملی اور مسلسل نگرانی کے باعث سیکٹر ایف14 اور ایف15 میں ترقیاتی سرگرمیوں میں تیزی آئی ہے جبکہ متاثرین کے دیرینہ مسائل کے حل کے لئے بھی عملی اقدامات جاری ہیں۔اتھارٹی کے مطابق ترقیاتی سرگرمیوں اور انتظامی اقدامات کو عوامی حلقوں میں سراہا جا رہا ہے اور متاثرین نے امید ظاہر کی ہے کہ منصوبہ جلد مکمل کر کے جدید رہائشی سہولیات سے آراستہ مثالی ہاؤسنگ منصوبہ بنایا جائے گا۔