فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا ژوب کا دورہ، فرنٹ لائن فوجیوں کے ساتھ عیدالاضحیٰ منائی

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا ژوب کا دورہ، فرنٹ لائن فوجیوں کے ساتھ عیدالاضحیٰ منائی

راولپنڈی ۔27مئی (اے پی پی):فیلڈ مارشل، چیف آف ڈیفنس فورسز، آرمی چیف سید عاصم منیر نشان امتیاز (ملٹری)، ہلا ل جرات نے مغربی سرحدوں پر تعینات فرنٹ لائن فوجیوں کے ساتھ عیدالاضحی ٰمنانے کے لیے ضلع ژوب، بلوچستان کا دورہ کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بدھ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق دورہ کا آغاز نماز عید کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ پاکستان میں پائیدار امن، استحکام ، خوشحالی اور مادر وطن کے دفاع میں لازوال قربانیاں پیش کرنے والے شہداء کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا۔پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے فیلڈ مارشل نے ان کے غیر معمولی ، غیر متزلزل عزم، آپریشنل تیاریوں اور غیر ملکی اسپانسر شدہ دہشت گردی کے دوران ثابت قدمی کو سراہا۔

انہوں نے فوجیوں کو ان کی بے مثال ہمت اور قربانیوں پر زبردست خراج تحسین پیش کیا ، جنہوں نے دہشت گردی کی لعنت اور دشمن قوتوں کی طرف سے سپانسر کئے جانے والے دشمنانہ خطرات سے قوم کی حفاظت کی۔کوئٹہ میں ہندوستان کی سرپرستی میں فتنہ الہند اور اس کی پراکسیز کے حالیہ بزدلانہ دہشت گردی کے واقعہ کا حوالہ دیتے ہوئے فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اس طرح کی غیر انسانی اور سفاکانہ کارروائیاں پاکستان کی مسلح افواج یا قوم کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ افواج اور پاکستانی عوام کے حوصلے اور عزم غیر متزلزل ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ مسلح افواج قانون نافذ کرنے والے اداروں اور بلوچستان کے عوام کے ساتھ قریبی ہم آہنگی کے ساتھ دہشت گردی کے تمام سہولت کاروں، ان کی حوصلہ افزائی کرنے والوں اور مجرموں کا پوری قوت کے ساتھ تعاقب جاری رکھے گی۔ قبل ازیں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کور کمانڈر کوئٹہ نے کیا۔ فیلڈ مارشل نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی اور مادر وطن کے دفاع میں شہادت کو گلے لگانے والے دھرتی کے بہادر بیٹوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔