فیصل آباد۔ 27 اپریل (اے پی پی):معرکہ حق ”آپریشن بنیان مرصوص“ کی تاریخی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام پروقار تقریبات کا آغاز کر دیا گیا اور اس سلسلے میں پاک فوج سے اظہاریکجہتی کے لیے ایک عظیم الشان ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت ڈویژنل کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں، ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ریٹائرڈ) ندیم ناصر اور رکن قومی اسمبلی بیرسٹر راجہ دانیال خاں نے کی جبکہ اس میں مسلم لیگی رہنما عمر اسرار، شیخ یوسف، ڈی جی ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انور علی، اسسٹنٹ کمشنر سٹی عادل عمر سمیت مختلف سرکاری محکموں کے افسران، سیاسی و سماجی شخصیات اور سول سوسائٹی کے نمائندگان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی ضلع کونسل چوک سے شروع ہو کر کچہری بازار چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔
شرکاء نے ”پاک فوج زندہ باد“ کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ انہوں نے افواج پاکستان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن سے حب الوطنی کے جذبات نمایاں تھے۔ریلی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں نے کہا کہ معرکہ حق میں افواج پاکستان نے ڈٹ کر انڈیا جیسے دشمن کا مقابلہ کیااور پاکستان کو فتح دلانے کیلئے بہادری اور حکمت عملی کا مظاہرہ کیا وہ پوری دنیا کے لیے ایک مثال ہے۔
آج ہم اسی عظیم کامیابی کی خوشی میں اپنی افواج کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں اور ان کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح آج پاکستان کی دنیامیں پزیرائی جاری ہے اس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی اور معرکہ حق کی کامیابی پاکستان کے لئے ایک بہت عظیم فتح تھی جس پر ہم جتنا بھی فخر کریں کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ”آپریشن بنیان مرصوص“ ایک تاریخی سنگ میل ہے جس نے پاکستان کی عسکری برتری کو دنیا پر واضح کر دیا اور یہ کامیابی آنے والی نسلوں کے لیے ایک روشن مثال کے طور پر ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی بیرسٹر راجہ دانیال خاں نے کہا کہ معرکہ حق”آپریشن بنیان مرصوص“ صرف ایک عسکری کامیابی نہیں بلکہ قومی عزم، اتحاد اور غیر متزلزل حوصلے کی ایک ایسی روشن مثال ہے جس نے دنیا کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان ایک مضبوط، خودمختار اور ناقابل تسخیر ریاست ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک سال قبل جب دشمن نے جارحیت کا مظاہرہ کیا تو پاک فوج نے صبروتحمل،مدبرانہ حکمت عملی اور غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ایسا بھرپور اور دلیرانہ جواب دیا جس نے دشمن کو پسپائی پر مجبور کر دیا اور عالمی سطح پر پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
انہوں نے کہا کہ ”آپریشن بنیان مرصوص“ دنیا کی عسکری تاریخ کا ایک کامیاب ترین آپریشن ثابت ہوا جس میں افواج پاکستان نے نہ صرف اپنی پیشہ ورانہ مہارت بلکہ جدید جنگی حکمت عملی اور قائدانہ صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کی جرأت، قربانیوں اور لازوال کارناموں پر فخر کرتی ہے اور ان کی خدمات کو ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا۔ بیرسٹر راجہ دانیال خان نے کہا کہ معرکہ حق نے قوم کو یہ سبق دیا کہ جب بھی پاکستان کو درپیش کوئی چیلنج سامنے آئے تو پوری قوم سیسہ پلائی دیوار بن کر اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہوجائے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی محض عسکری میدان تک محدود نہیں بلکہ اس نے پاکستان کو عالمی سطح پر ایک باوقار، بااعتماد اور ذمہ دار ریاست کے طور پر اجاگر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج نہ صرف ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں بلکہ وہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہو کر ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنا چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج دنیا پاکستان کی عسکری مہارت، پیشہ ورانہ صلاحیت اور اس کی قیادت کو قدر کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس عظیم کامیابی کے پیچھے صرف افواج پاکستان کی بہادری اورپوری قوم کی دعائیں، اعتماد اور اتحاد شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم اور افواج کے درمیان یہ مضبوط رشتہ ہی پاکستان کی اصل طاقت ہے جو ہر آزمائش میں سرخرو ہو کر سامنے آتی ہے۔
راجہ دانیال خاں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں اس بات کا بھی احساس دلاتا ہے کہ ہمیں داخلی سطح پر بھی اتحاد، یکجہتی اور مثبت سوچ کو فروغ دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جو عناصر نفرت، انتشار اور تقسیم کی سیاست کو ہوا دیتے ہیں وہ دراصل قومی مفاد کو نقصان پہنچاتے ہیں، لہٰذا قوم کو ایسے عناصر سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے ضروری ہے کہ ہم اپنی افواج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور ملک کو درپیش چیلنجز کامل کر مقابلہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کی کامیابی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ جب قوم متحد ہو تو کوئی بھی طاقت اسے شکست نہیں دے سکتی۔ ضلعی انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق، ڈویژن بھر میں معرکہ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر مختلف تقریبات، سیمینارز اور ریلیوں کا انعقاد جاری ہے تاکہ افواج پاکستان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا جا سکے اور قومی یکجہتی کو مزید فروغ دیا جا سکے۔