اسلام آباد۔20مئی (اے پی پی):فتنہ الخوارج کا اہم سرغنہ افغانی خارجی بصیر سکیورٹی فورسز سے مقابلے کے دوران جہنم واصل ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق سکیورٹی فورسز نے سارانان کےعلاقےارجم کلی میں ایک کامیاب آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے اہم افغانی کمانڈر بصیر کو جہنم واصل جبکہ اس کے افغانی ساتھی کو گرفتار کر لیا گیا۔
سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر فتنہ الخوارج کے کمانڈر خارجی بصیر کو شعبان کے علاقے سے ٹریس کیا۔ ہلاک ہونے والا خارجی بصیر افغانی خارجی کمانڈر نوراللہ کا بیٹا تھا جو سکیورٹی فورسز پر متعددحملوں کا منصوبہ ساز رہا ہے۔ خارجی بصیر شعبان کے علاقے میں دراندازی کی کوشش کرنے والی تشکیلوں کا آپریشن کمانڈر بھی تھا۔ اس سے پہلے 22فروری 2026کو خارجی بصیر کی نگرانی میں فتنہ الخوارج کے 5خودکش بمباروں پر مشتمل ایک گروہ کو پشین میں سکیورٹی فورسز نے جہنم واصل کیا تھا۔ خارجی بصیر کی ہلاکت سکیورٹی فورسز کی دہشت گردوں کے خلاف ایک بڑی کامیابی ہے ۔ آپریشن عزم استحکام کے تحت فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف آپریشن کامیابی سے جاری ہے۔