فتح 4 میزائل کا کامیاب تجربہ پاکستان کے دفاع کو مزید مضبوط اور ناقابل تسخیر بنانے کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہو گا، ایازصادق

فتح 4 میزائل کا کامیاب تجربہ پاکستان کے دفاع کو مزید مضبوط اور ناقابل تسخیر بنانے کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہو گا، ایازصادق

اسلام آباد۔14مئی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کروز میزائل فتح 4 کے کامیاب تجربے پر افواج پاکستان، سائنسدانوں، انجینئرز اور قوم کو مبارکباد دی ہے ۔ جمعرات کو اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ فتح 4 میزائل کا کامیاب تجربہ پاکستان کے دفاع کو مزید مضبوط اور ناقابل تسخیر بنانے کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہو گا، پاکستانی سائنسدانوں، انجینئرز اور سکیورٹی اداروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور صلاحیتیں قابل ستائش ہیں، فتح 4 جدید ایویانکس اور نیویگیشنل نظام سے لیس میزائل پاکستان کے دفاعی نظام میں اہم اضافہ ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ فتح 4 میزائل کا کامیاب تجربہ افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ تیاری، دفاعی صلاحیت اور قومی سلامتی کے عزم کا مظہر ہے، پوری قوم اپنی مسلح افواج، سائنسدانوں، انجینئرز کی بے مثال مہارت اور صلاحیتیوں پر فخر کرتی ہے، دفاع وطن کے لیے پاک فوج، سائنسدانوں اور تکنیکی ماہرین کی خدمات قابل فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، پاکستان کی مسلح افواج دشمن کی ہر جارحیت کا موثر جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔سپیکر قومی اسمبلی نے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ قومی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے لیے افواج پاکستان کی قربانیاں قابل تحسین ہیں۔