غذر۔ 16 مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے وادی شہداء “غذر” کو پاکستان کی حب الوطنی، قربانی اور بہادری کی عظیم علامت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں، وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم نوجوانوں کو جدید تعلیم، تحقیق اور ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔انہوں نے یہ بات قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی غذر کیمپس میں وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وفاقی حکومت وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں گلگت بلتستان کے نوجوانوں کو ترقی، تعلیم اور جدید ٹیکنالوجی تک مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ مکمل طور پر میرٹ پر مبنی ہے اور اس کا مقصد ملک بھر کے ذہین اور محنتی طلبہ کو جدید تعلیمی سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ وہ تحقیق، اختراع اور ڈیجیٹل ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ وفاقی وزیر نے ضلع غذر کو وادی شہداءقرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سرزمین نے وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ غذر کے عوام کی حب الوطنی، بہادری اور قربانیوں کی داستانیں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ گلگت بلتستان کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے حامل ہیں اور انہوں نے تعلیم، کھیل، سول سروس، دفاع اور دیگر شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا وژن ہے کہ پاکستان کے نوجوان جدید تعلیم، سائنس، ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ ہو کر عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کریں۔ انہوں نے لیپ ٹاپ اسکیم کو پاکستان کے روشن اور خود انحصار مستقبل کی علامت قرار دیا۔ وفاقی وزیر نے گلگت بلتستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 100 میگاواٹ سولر منصوبہ، سیف سٹی پراجیکٹس، دانش اسکولز، نوجوانوں کے لیے کاروباری قرضے اور جدید انفراسٹرکچر منصوبے اس بات کا ثبوت ہیں کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی ترقی کو قومی ترقی کا اہم حصہ سمجھتی ہے۔ انہوں نے حالیہ علاقائی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے تدبر، ذمہ داری اور سفارتی بصیرت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دنیا بھر میں مثبت کردار ادا کیا۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ قومی قیادت اور افواج پاکستان نے دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنائے۔ انہوں نے معرکۂ حق اور آپریشن بنیان مرصوص میں افواج پاکستان کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور سلامتی کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہے۔وفاقی وزیر نے پرنس شاہ رحیم آغا خان کے گلگت بلتستان اور چترال کے متوقع دورہ پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اور گلگت بلتستان حکومت انہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی، اس سلسلے میں ،میں نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان اور اسماعیلی ریجنل کونسل کے عہدیداروں سے میٹنگ کی ہے۔
وفاقی وزیر نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ لیپ ٹاپ کو صرف ایک ڈیوائس نہیں بلکہ علم، تحقیق اور قومی خدمت کا ذریعہ سمجھتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کو ملک و قوم کی ترقی کےلیے استعمال کریں۔اس موقع پر انہوں نے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود کی نوجوانوں کےلیے خدمات کو بھی سراہا۔ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے پاکستان کے قومی نغمے پر ٹیبلو پیش کرنے والے طلباء کےلیے ایک لاکھ روپے نقد انعام کا بھی اعلان کیا۔
اس سے قبل وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کا غذر کیمپس آمد پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔ وائس چانسلر اور فیکلٹی ممبران نے خیر مقدم کیا جبکہ وائس چانسلر نے غذر کیمپس کے حوالے سے بریفنگ دی۔وفاقی وزیر نے کیمپس کے لان میں پودا بھی لگایا۔ تقریب میں مسلم لیگ (ن) غذر کے رہنما، اساتذہ، طلبہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔