اسلام آباد۔26مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر دارالحکومت اسلام آباد میں عید الاضحی کے موقع پر صفائی کا جامع پلان تشکیل دیدیا گیا۔ اس سلسلے میں چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف کی زیر صدارت عیدالاضحی کے موقع پر دارالحکومت میں خصوصی صفائی آپریشن کے حوالے سے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ جسمیں ممبر انوائرمنٹ عبداللّٰہ خرم نیازی، ڈائریکٹر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، سی ڈی اے و آئی سی ٹی کے متعلقہ سنئیر افسران نے شرکت کی۔متعلقہ افسران نے چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف کو دارالحکومت اسلام آباد میں عیدالضحٰی کے موقع پر کئے گئے انتظامات و اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سی ڈی اے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے افسران کے علاوہ متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز بھی اس خصوصی آپریشن کی نگرانی کرینگے۔
بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے کو بتایا گیا کہ سی ڈی اے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا تقریباً 2000 سے زائد عملہ خصوصی صفائی آپریشن کیلئے فرائض انجام دیگا اور صفائی کے اس خصوصی آپریشن میں تقریباً 200 سے زائد گاڑیاں و مشینری بھی استعمال میں لائی جائینگی۔چیئرمین سی ڈی اے کو بتایا گیا کہ قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو تلف کرنے کیلئے 89 مختلف مقامات پر 151 سے زائد گڑھے کھودے گئے ہیں اور اسلام آباد کے شہری اور دیہی علاقوں میں تقریباً دو لاکھ سے زائد بائیو ڈیگریڈ ایبل بیگ مفت تقسیم کئے جارہے ہیں۔ بائیو ڈیگریڈ ایبل بیگ تقسیم کرنے کیلئے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے ڈور ٹو ڈور مہم کا آغاز پہلے سے ہی کر دیا گیا تھا۔بریفنگ دیتے ہوئے انہیں بتایا گیا کہ صفائی ستھرائی کے انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے شہر کو پانچ (05) مختلف زونز میں تقسیم کیا گیا ہے۔
شہر کے مختلف زونز میں چیف سینٹری انسپکٹر اور سپروائزر نگرانی کی خصوصی خدمات سر انجام دینگے۔ چیئرمین سی ڈی اے کو بتایا گیا کہ زبح خانوں اور آلائشوں سے بدبو اور تعفن ختم کرنے کیلئے فنائل اور چونے کا چھڑکاؤ بھی کیا جائیگا۔ عید الاضحی کے موقع پر خصوصی صفائی و ستھرائی آپریشن کو کامیاب بنانے کیلئے شہریوں سے عملہ صفائی کیساتھ تعاون کی اپیل کی گئی ہے کہ اوجھڑیاں نالوں، جنگلوں وغیرہ میں نہ پھینکیں اور کوڑے دانوں اور گاربیج ٹرالیوں و اسکپوں میں بھی نہ ڈالیں۔
خلاف ورزی پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف نے ہدایت کی کہ تمام پرائیویٹ و کوآپریٹیو ہاؤسنگ سوسائیٹیوں کی مینجمنٹ کمیٹیوں کیساتھ رابطہ میں رہ کر آلائشوں کو سائنٹیفک بنیادوں پر تلف کرنے کے انتظامات کئے جائیں۔چیئرمین سی ڈی اے کو بتایا گیا کہ عیدالاضحی کے موقع پر صفائی ستھرائی کے انتظامات کی مانیٹرنگ کیلئے مرکزی کنٹرول روم اسلام آباد سیف سٹی سیکٹر H-11 میں قائم کیا گیا ہے۔
صفائی آپریشن کی نگرانی کیلئے اسلام آباد سیف سٹی کے سی سی ٹی وی اور ڈرون کیمروں کا استعمال بھی کیا جائیگا جبکہ سینیٹیشن ڈائریکٹوریٹ کے مرکزی دفتر واقع جی سکس ون فور اور ٹرانسپورٹ سیکشن واقع فائر ہیڈ کوارٹرز، جی سیون فور میں ایمرجنسی سینٹر قائم کئے گئے ہیں۔ بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ شہری صفائی کے حوالے سے معاملات یا اوجھڑیاں وغیرہ اٹھوانے کیلئے شہری سینیٹیشن ہیلپ لائن نمبر 1334 یا 9213908 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔
اسی طرح شہری واٹس ایپ پیغام یا ایس ایم ایس (SMS) ذریعے نمبر 03355001213 پر اپنے پیغامات بھی بھیج سکتے ہیں۔چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف نے کہا کہ شہریوں کے بھرپور تعاون اور دی گئی ہدایات پر عملدرآمد سے ہی دارالحکومت اسلام آباد کے زیرو ویسٹ سٹی کا ہدف حاصل کیا جاسکتا ہے۔