راولپنڈی۔29مئی (اے پی پی):عیدالاضحیٰ کے موقع پر راولپنڈی پولیس نے شہر بھر میں فول پروف سیکیورٹی انتظامات کرتے ہوئے 3700 سے زائد افسران و اہلکار تعینات کئے ، مساجد، امام بارگاہوں، قبرستانوں اور عوامی مقامات پر خصوصی نگرانی کو یقینی بنایا گیا۔پولیس ترجمان کے مطابق عید کی نماز پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی کی جامع مسجد میں ادا کی گئی جس میں آر پی او بابر سرفراز الپا، کمشنر انجینئر عامر خٹک، سی پی او سید خالد محمود ہمدانی، ایس ایس پی آپریشنز، ایس ایس پی انویسٹی گیشن، چیف ٹریفک آفیسر، ڈویژنل ایس پیز سمیت دیگر سینئر پولیس افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی۔
نماز کے بعد شہداء کے درجات کی بلندی، ملک و قوم کی سلامتی اور مسلم امہ کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں جبکہ بعد ازاں پولیس افسران اور اہلکاروں سے عید ملی گئی اور ان کے ساتھ کھانا بھی کھایا گیا۔سی پی او سید خالد محمود ہمدانی کے مطابق عیدالاضحیٰ کے موقع پر 736 مساجد، 62 امام بارگاہوں اور 60 کھلے مقامات پر سیکیورٹی اور ٹریفک کے خصوصی انتظامات کیے گئے۔ شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے 1000 سے زائد ٹریفک افسران تعینات رہے جبکہ ون ویلنگ کی روک تھام کیلئے 25 خصوصی پکٹس قائم کی گئیں جہاں 250 سے زائد اہلکار ڈیوٹی انجام دیتے رہے۔
انہوں نے بتایا کہ عوامی مقامات اور پارکس پر 350 جبکہ قبرستانوں پر 277 سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے گئے۔ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے خصوصی پٹرولنگ پلان ترتیب دیا گیا اور 43 سے زائد خصوصی پکٹس قائم کی گئیں۔ ایلیٹ فورس، ڈولفن فورس، لیڈیز پولیس اور محافظ اسکواڈ نے بھی ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیے جبکہ سینئر افسران فیلڈ میں موجود رہ کر نگرانی کرتے رہے۔