لاہور۔25مئی (اے پی پی):آئی جی پنجاب عبدالکریم نے عید کے دوران سکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے اور حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کرنے کی ہدایت جاری کر دی ۔ترجمان پولیس کےمطابق آئی جی نے تمام فیلڈ افسران کو ہدایت کی کہ نماز عید سے قبل مساجد اور کھلے مقامات پر ہونے والے اجتماعات کی مکمل چیکنگ یقینی بنائی جائے جبکہ حساس مقامات پر غیر معمولی سکیورٹی انتظامات کے تحت سادہ لباس میں کمانڈوز بھی تعینات کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے بھر میں 30 ہزار 630 مساجد اور 907 کھلے مقامات پر عید اجتماعات کی سکیورٹی کے لیے 45 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار جبکہ کوئیک رسپانس فورس کی 316 خصوصی ٹیمیں بھی سکیورٹی فرائض انجام دیں گی، نگرانی اور چیکنگ کے لیے 11 ہزار 130 میٹل ڈٹیکٹرز، 327 واک تھرو گیٹس اور 15 ہزار 273 سی سی ٹی وی کیمرے استعمال کیے جائیں گے۔صوبائی دارالحکومت لاہور میں عیدالاضحٰی کے پانچ ہزار سے زائد اجتماعات کی سکیورٹی کے لیے 10 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار تعینات کیے جائیں گے، سکیورٹی انتظامات کی موثر نگرانی کے لیے سیف سٹی کیمروں کے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی۔
آئی جی نے کہا کہ قربانی کی کھالوں کے حوالے سے حکومت پنجاب کے جاری کردہ ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کالعدم اور ممنوعہ جماعتوں کی جانب سے قربانی کی کھالیں جمع کرنے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ کھالیں اکٹھی کرنے کے لیے لائوڈ سپیکر کے استعمال پر بھی پابندی برقرار رہے گی۔انہوں نے مویشی منڈیوں، مارکیٹوں اور بازاروں کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ بڑھانے، ویجیلنس آپریشنز جاری رکھنے اور کیٹل مارکیٹوں میں مویشی چوری، ڈکیتی اور نوسربازی کی روک تھام کے لیے موثر ناکہ بندی اور سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی، اسلحے کی نمائش، ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ اور پتنگ بازی کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔ عید کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے اہم شاہراہوں اور متعلقہ پوائنٹس پر اضافی ٹریفک وارڈنز تعینات کرنے کی ہدایت جبکہ پارکوں، تفریحی مقامات اور سیاحتی علاقوں بالخصوص مری میں شہریوں اور سیاحوں کے تحفظ اور سہولت کے لیے اضافی نفری تعینات کرنے اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کا حکم دیا گیا ہے۔