علامہ اقبال کی فکر آج بھی پاکستان کے روشن اور مستحکم مستقبل کے لیے رہنمائی فراہم کر رہی ہے، انجینئر امیر مقام

علامہ اقبال کی فکر آج بھی پاکستان کے روشن اور مستحکم مستقبل کے لیے رہنمائی فراہم کر رہی ہے، انجینئر امیر مقام

اسلام آباد۔21اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن)خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کی فکر آج بھی پاکستان کے روشن اور مستحکم مستقبل کے لیے مؤثر رہنمائی فراہم کر رہی ہے،اقبال نے خودی، اخلاقی قوت، فکری آزادی اور مسلسل جدوجہد جیسے انقلابی تصورات کے ذریعے امتِ مسلمہ کو نئی سمت عطا کی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نےشاعر مشرق علامہ محمد اقبال کی 88ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کی فکر آج بھی پاکستان کے روشن اور مستحکم مستقبل کے لیے مؤثر رہنمائی فراہم کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اقبال نے خودی، اخلاقی قوت، فکری آزادی اور مسلسل جدوجہد جیسے انقلابی تصورات کے ذریعے امتِ مسلمہ کو نئی سمت عطا کی۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ علامہ اقبال کے نزدیک تعلیم صرف روزگار حاصل کرنے کا ذریعہ نہیں بلکہ ایک ہمہ جہت عمل ہے جو انسان کی ذہنی، اخلاقی اور روحانی تربیت کرتا ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کردار سازی، ذمہ داری اور مقصد پر مبنی تعلیم آج کے تعلیمی اور سماجی نظام کی بنیادی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ علم کو کردار کی تعمیر کا ذریعہ بنانا ، آگاہی کو ذمہ داری میں ڈھالنا اور مہارتوں کے ذریعے معاشرے کی ترقی کو یقینی بنانا ہوگا، مضبوط، خودمختار اور ترقی پسند پاکستان کی تعمیر کے لیے یہی نظریہ ناگزیر ہے۔آخر میں انہوں نے یومِ اقبال کے موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایسا پاکستان تشکیل دیا جائے گا جو علم، اعلیٰ کردار اور باصلاحیت نوجوانوں کی بنیاد پر خوشحال اور مستحکم ہو۔