علامہ اقبال نے امت مسلمہ کو خودی، بیداری اور عمل کا پیغام دیا ، وفاقی وزیر داخلہ

علامہ اقبال نے امت مسلمہ کو خودی، بیداری اور عمل کا پیغام دیا ، وفاقی وزیر داخلہ

اسلام آباد۔21اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت کرتے ہوئے کہا ہے کہ علامہ اقبال نے امت مسلمہ کو خودی، بیداری اور عمل کا پیغام دیا اور آج بھی اسی پیغام کو اپنانے کی اشد ضرورت ہے ۔ اپنے پیغام میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ اقبال کی فکر کا بنیادی نکتہ امت مسلمہ کا اتحاد تھا، وہ مسلمانوں کو رنگ، نسل اور زبان سے بالاتر دیکھنا چاہتے تھے۔ اقبال کے نزدیک مسلمان ایک جسم کی مانند ہیں، جن کی طاقت ان کے باہمی اتحاد، اخوت اور مشترکہ مقصد میں پوشیدہ ہے۔

علامہ اقبال نے مسلمانوں کو احساس دلایا کہ غلامی تقدیر نہیں بلکہ کمزوری ہے، جسے خودی اور عمل سے بدلا جا سکتا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ خطبہ الہ آباد میں اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک الگ ریاست کا تصور پیش کیا جو بعد میں حقیقت بنا۔ اقبال نے نوجوانوں کو شاہین قرار دے کر انہیں بلند پروازی،خودی اور مسلسل جدوجہد کا درس دیا۔ علامہ اقبال کے نزدیک نوجوان ہی قوم کا اصل سرمایہ ہیں، جو اپنی صلاحیتوں سے تاریخ کا رخ بدلنے کی طاقت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اقبال کی شاعری محض الفاظ نہیں بلکہ ایک انقلابی پیغام ہے جو امت مسلمہ کو جھنجھوڑنے اور جگانے کا ذریعہ بنی۔ آج کے دور میں جب مسلمان تفرقے اور باہمی انتشار کا شکار ہیں، اقبال کا پیغام اتحاد اور خودی غیر معمولی اہمیت اختیار کرچکا ہے۔ ہمیں اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں کو علامہ اقبال کی فکری تربیت کی روشنی میں استوار کرنے کی ضرورت ہے ۔

علامہ اقبال کے نظریات کی روشنی میں امن، مساوات اور اتحاد کی بنیادوں پر قائم پاکستان ہی ہمارا مستقبل ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ آج ہم سب کو اقبال کے پیغام کو عام کرنے اور اس پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے ۔ آئیے عہد کریں کہ اقبال کے افکار کو اپنی قومی پالیسی،ترجیحات اور اجتماعی طرز فکر کا حصہ بنائیں گے۔