چنیوٹ۔ 19 اپریل (اے پی پی):ضلع چنیوٹ میں ناقص اور غیر معیاری دودھ کی سپلائی کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئیں۔ ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کے احکامات کی روشنی میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے جھنگ روڈ پر ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے دودھ بردار ٹینکر کو چیک کیا۔ کارروائی کے دوران CAV-3651 نمبری دودھ سپلائر ٹینکر میں موجود دودھ کو موقع پر جدید آلات کے ذریعے چیک کیا گیا، جو ناقص اور بدبودار پایا گیا۔ حکام کے مطابق انسانی صحت کے لیے مضر ہونے کے باعث ایک ہزار لیٹر سے زائد دودھ کو فوری طور پر تلف کر دیا گیا جبکہ سپلائر کو بھاری جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا نے بتایا کہ مذکورہ سپلائر کے پاس ضروری دستاویزات بھی موجود نہیں تھیں، جو کہ قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ غیر معیاری دودھ کی فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور اس حوالے سے زیرو ٹالرینس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو خالص اور معیاری دودھ کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، جبکہ دودھ بردار گاڑیوں اور ڈیری یونٹس کی باقاعدگی سے چیکنگ کی جا رہی ہے تاکہ عوام کو صحت بخش خوراک میسر آ سکے۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں میں استعمال ہونے والے دودھ کو مفت ٹیسٹ کروائیں اور خوراک کے معیار سے متعلق کسی بھی شکایت کی صورت میں فوڈ اتھارٹی ہیلپ لائن 1223 پر فوری اطلاع دیں۔