لاہور۔19مئی (اے پی پی):آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب بھر کی مویشی منڈیوں میں قربانی کے جانوروں کی خریداری کے لیے شہریوں کا رش دیکھتے ہوئے سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر پنجاب پولیس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔منگل کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر کی 222 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کے فرائض 4 ہزار سے زائد افسران و اہلکار سر انجام دے رہے ہیں۔ لاہور کی 6 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی پر 600 سے زائد پولیس افسران اور جوان تعینات کیے گئے ہیں تاکہ بیوپاریوں اور خریدار شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا ہے کہ مویشی منڈیوں کے بیوپاریوں اور شہریوں کی سکیورٹی کیلئے جامع اقدامات کیے گئے ہیں اور ضلعی انتظامیہ کے منظور شدہ مقامات کے علاوہ کسی بھی جگہ مویشی منڈی لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ غیر قانونی مویشی منڈیوں اور سیل پوائنٹس کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے جبکہ نوسر بازوں، جیب تراشوں اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کیلئے موثر پٹرولنگ پلان تشکیل دیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس رسپانس یونٹ اور پٹرولنگ ٹیمیں مویشی منڈیوں کے اطراف مسلسل اور موثر گشت یقینی بنائیں تاکہ شہری بلا خوف و خطر خریداری کر سکیں۔انہوں نے بتایا کہ شیخوپورہ ریجن کی 23 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی پر 150 افسران و اہلکار تعینات ہیں جبکہ گوجرانوالہ ریجن کی 44 مویشی منڈیوں کیلئے 525 افسران و اہلکار فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ راولپنڈی ریجن کی 22 مویشی منڈیوں کیلئے 340 سے زائد افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
اسی طرح سرگودھا ریجن کی 22 مویشی منڈیوں کیلئے 170 سے زائد افسران و اہلکار، فیصل آباد کی 19 مویشی منڈیوں کیلئے 538 سے زائد اہلکار، ملتان کی 20 مویشی منڈیوں کیلئے 480 سے زائد اہلکار اور ساہیوال کی 11 مویشی منڈیوں کیلئے 230 سے زائد افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ بہاولپور ریجن کی 29 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کیلئے 410 سے زائد افسران و اہلکار جبکہ ڈی جی خان ریجن کی 26 مویشی منڈیوں کیلئے 210 سے زائد افسران و اہلکار فرائض انجام دے رہے ہیں۔