راولپنڈی۔24مئی (اے پی پی):عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہریوں کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب بلال اکبر خان نے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر حسن وقار چیمہ کے ہمراہ جنرل بس اسٹینڈ اور مختلف ڈی کلاس بس اسٹینڈز کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق عوام کو محفوظ، آرام دہ اور سستی سفری سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ٹرانسپورٹرز کو مقررہ کرایوں پر عملدرآمد یقینی بنانے اور اوورچارجنگ، اوورلوڈنگ و غیر قانونی ٹرانسپورٹ کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے پبلک ٹرانسپورٹ میں خصوصی افراد کے لیے مختص پانچ فیصد کوٹہ پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ بس اڈوں کی مسلسل مانیٹرنگ کر رہی ہے تاکہ مسافروں کو معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے صفائی، پینے کے صاف پانی اور شکایات کے فوری ازالے کے انتظامات مزید بہتر بنانے کی ہدایت بھی کی۔