کوئٹہ۔ 25 مئی (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے سابق ترجمان حیات خان اچکزئی نے کوئٹہ چمن پھاٹک کے مقام پر ٹرین پر ہونے والے وحشیانہ اور بزدلانہ بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کو انسانیت سوز قرار دیتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اپنے بیان میں حیات خان اچکزئی نے کہا کہ معصوم شہریوں اور مسافروں کو نشانہ بنانا بزدلی کی انتہا ہے، دہشت گردی کے خلاف پوری قوم متحد ہے، شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ چمن پھاٹک جیسے عوامی مقام پر مسافروں، مزدوروں اور معصوم شہریوں کو خون میں نہلانا کسی طور پر قابلِ قبول نہیں۔ دہشت گردوں کا کوئی دین، مذہب یا اخلاقیات نہیں ہوتیں۔ ان کا واحد مقصد صوبے میں خوف و ہراس پھیلانا ہے، جس میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
حیات خان اچکزئی نے کہا کہ اس دلخراش واقعے میں شہید ہونے والے تمام افراد کے اہلخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ ہماری ہمدردیاں اور دعائیں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور زخمیوں کو جلد اور کامل صحت یابی عطا کرے۔ حیات خان اچکزئی نے واضح کیا کہ ایسے بزدلانہ وار قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔ ہماری بہادر سیکیورٹی فورسز اور عوام نے پہلے بھی دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور اب بھی اس ناسور کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی سرفراز بگٹی کی قیادت میں حکومت، سیاسی قیادت اور عوام شہداء کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لینے اور بلوچستان کے امن کو ہر قیمت پر بحال رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔ ہم اپنے سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور اس مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں۔