اسلام آباد۔28اپریل (اے پی پی):نیشنل پریس کلب(این پی سی) اسلام آباد کی گورننگ باڈی کا اہم اجلاس منگل کو صدر عبدالرزاق سیال کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں حالیہ دنوں پریس کلب میں منعقد ہونے والے ایک پروگرام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جس میں غیر ملکی صحافیوں کی شرکت کے دوران نیشنل پریس کلب کا نام اور لوگو استعمال کرتے ہوئے متنازعہ شیلڈز تقسیم کئے جانے کے معاملے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس کے دوران اراکین نے اس اقدام پر سخت اعتراض اٹھاتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ نیشنل پریس کلب کا نام اور لوگو کسی بھی ایسے پروگرام یا سرگرمی کے لئے استعمال نہیں ہونا چاہئے جو ادارے کی باقاعدہ منظوری کے بغیر ہو یا جس سے کلب کی ساکھ متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو۔ تمام اراکین کی آراء سننے کے بعد اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ معاملے کی شفاف، غیر جانبدارانہ اور آئینی تقاضوں کے مطابق تحقیقات کی جائیں گی اور ڈنر کے میزبان کونسل ممبر مطیع اللہ جان سے بھی ان کا موقف لیا جائے گا۔
اس مقصد کے لئے پانچ رکنی کمیٹی سینئر نائب صدر احتشام الحق کی سربراہی میں قائم کی گئی ہے۔کمیٹی کے دیگر ممبران میں نائب صدور عثمان خان، بشیر چوہدری، سحرش قریشی اور سینئر جوائنٹ سیکرٹری شیراز گردیزی شامل ہیں۔ گورننگ باڈی کی جانب سے کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ واقعہ کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لے اور سات روز کے اندر اپنی سفارشات گورننگ باڈی کو پیش کرے۔