اسلام آباد۔17اپریل (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے لبنان میں جنگ بندی کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن کی بحالی کی جانب اہم قدم قرار دیا ہے،انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ فعال طور پر رابطے میں ہے۔ایوانِ صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے جمعہ کو جاری بیان میں کہا کہ پاکستان خطے کے استحکام کو بہت اہمیت دیتا ہے اور اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ پائیدار امن صرف مذاکرات، خودمختاری کے باہمی احترام اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کے ذریعے ہی حاصل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ بندی دیرپا امن کی جانب پیش رفت کا ایک موقع ہے۔ لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ مغربی ایشیا میں دیرپا امن کا انحصار تنازعات کی بنیادی وجوہات کے حل پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ فعال طور پر رابطے میں ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی میں کمی اور منصفانہ، دیرپا اور جامع امن کے فروغ کے لیے ہر مخلصانہ اقدام کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری دو ہفتے کی جنگ بندی کے وسیع تر مفاد میں لبنان نے تحمل کا مظاہرہ کیاجبکہ اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی گئی۔ صدرمملکت نے کہا کہ جنگ بندی کی کسی بھی خلاف ورزی سے کشیدگی میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ اس اہم مرحلے پر ضروری ہے کہ تمام فریقین تحمل اور ذمہ دارانہ طرز عمل اختیار کریں ۔