کراچی۔13اپریل (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ معاہدوں کے عملی نتائج سامنے آنے چاہئیں، جن کے لئے واضح ٹائم لائنز، ادارہ جاتی ہم آہنگی اور مسلسل فالو اپ ضروری ہے۔پیر کے روز صدر آصف علی زرداری کوحالیہ دورہ چین کے دوران دستخط شدہ مفاہمتی یادداشتوں پر پیشرفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔چیف منسٹر ہاؤس کراچی میں ہونے والی اس بریفنگ میں سندھ اور چینی شراکت داروں کے درمیان جاری مشترکہ منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ صدر مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ ان معاہدوں کے عملی نتائج سامنے آنے چاہئیں، جن کے لئے واضح ٹائم لائنز، ادارہ جاتی ہم آہنگی اور مسلسل فالو اپ ضروری ہے۔
ایوان صدر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ چین کے ساتھ پاکستان کا تعاون انفراسٹرکچر کو جدید بنانے، صنعتی صلاحیت کو مضبوط کرنے اور سماجی و معاشی ترقی کو فروغ دینے کا ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے انتظامی رکاوٹوں کو دور کرنے، شفافیت یقینی بنانے اور سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد ممکن ہو سکے۔بریفنگ میں مختلف شعبوں میں پیشرفت کا احاطہ کیا گیا جن میں فائر سیفٹی اور ہنگامی ردعمل کے نظام، توانائی اور کھاد کی پیداوار، لائیوسٹاک کی ترقی، زراعت، ماحولیاتی نظم و نسق اور ری سائیکلنگ ٹیکنالوجیز شامل ہیں۔اس کے علاوہ خوراک کے تحفظ کو بہتر بنانے، مویشیوں میں بیماریوں پر قابو پانے کے نظام کو مضبوط کرنے اور پائیدار صنعتی طریقہ کار کو فروغ دینے سے متعلق اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ تمام محکمے متعلقہ حکام اور چینی شراکت داروں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور مخصوص نظام کے تحت باقاعدہ نگرانی کو یقینی بنائیں۔اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، ایم پی اے و صدر ویمن ونگ پیپلز پارٹی فریال تالپور ، چانسلر، ضیاءالدین یونیورسٹی ڈاکٹر عاصم حسین،سینئر صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن،وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ،صوبائی وزیر داخلہ وقانون ضیاء الحسن لنجارصوبائی وزیر زراعت محمد خان مہر، صوبائی وزیر لائیو سٹال و فشریز محمد علی ملکانی، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، مشیر سرمایہ کاری برائے وزیراعلیٰ سندھ سہیل انور سیال، صوبائی وزیر حاجی علی حسن زرداری سمیت چیف سیکرٹری سندھ، سپیشل اسسٹنٹ برائے وزیراعلیٰ سندھ آن اسٹیوٹا (STEVTA)، پرنسپل سیکرٹری برائے وزیراعلیٰ سندھ، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری بلدیات، سیکرٹری توانائی، سیکرٹری لائیوسٹاک و فشریز، سیکرٹری ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی، سیکرٹری زراعت اور دیگر متعلقہ صوبائی سیکرٹریز نے شرکت کی۔