صدر مملکت آصف علی زرداری کا چینی رہنما ماؤ زے تُنگ کے آبائی شہر شاؤشان کا دورہ،چیئرمین مائو کے مجسمے پر گلدستہ رکھا

صدر مملکت آصف علی زرداری کا چینی رہنما ماؤ زے تُنگ کے آبائی شہر شاؤشان کا دورہ،چیئرمین مائو کے مجسمے پر گلدستہ رکھا

شاؤشان۔28اپریل (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے چین میں چیئرمین ماؤ زے تُنگ کے آبائی شہر شاؤشان کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اسٹیچو سکوائر میں چیئرمین ماؤ کے مجسمے پر گلدستہ رکھا اور چینی انقلابی رہنما کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ منگل کو ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت کا استقبال سینئر پارٹی رہنما لی جیانگ اور ڈائریکٹر شاؤشان ایڈمنسٹریشن ژانگ شی ہوئی نے کیا۔ انہوں نے صدر مملکت کو چیئرمین ماؤ زے تُنگ کی زندگی اور جدوجہد سے آگاہ کیا اور شاؤشان میں ان کے ابتدائی دور اور ان عوامل پر روشنی ڈالی جنہوں نے ان کی سیاسی سوچ کو تشکیل دیا۔ صدر مملکت کو اس بات پر بھی بریفنگ دی گئی کہ اس طرح کےیادگاری ادارے تاریخی مواد کو محفوظ رکھنے اور چین کی انقلابی تاریخ سے متعلق عوامی آگاہی بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ اسٹیچو سکوائر پر ہونے والی تقریب کے بعد صدر مملکت نے ماؤ زے تُنگ میموریل میوزیم کا دورہ کیا جہاں انہیں عوامی جمہوریہ چین کے بانی رہنما کی زندگی، فکر اور سیاسی ورثے سے متعلق آگاہ کیا گیا۔

انہوں نے تاریخی نوادرات، ریکارڈ اور تصاویر دیکھیں جن میں چین کی انقلابی تاریخ کے اہم مراحل کو پیش کیا گیا تھا۔ صدر آصف علی زرداری نے چیئرمین ماؤ زے تُنگ کے چین کی تاریخی تبدیلی میں کردار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے عوامی جمہوریہ چین کی جدوجہد، اتحاد اور ترقی میں ان کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مقامات کا تحفظ جدید چین کی تشکیل میں کردار ادا کرنے والے عوامل کو سمجھنے میں مدد اور قومی ترقی میں تاریخی شعور کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ صدر کے ہمراہ دیگر کے علاوہ سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، علی حسن بروہی، وزیر اعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی برائے سرمایہ کاری و پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پراجیکٹس سید قاسم نوید قمر، چیف سیکرٹری سندھ، پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی دونگ اور چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی بھی موجود تھے۔