اسلام آباد۔21مئی (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے چین کی قومی عوامی کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے نائب چیئرمین سائی دا فینگ سے ملاقات کے دوران چین کے ساتھ پاکستان کی تزویراتی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے چینی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر شی جن پنگ، وزیراعظم لی چیانگ اور چینی عوام کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین بھائی اور ہر موسم کے تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے اور اسے سیاسی، ادارہ جاتی اور سماجی سطح پر وسیع قومی اتفاق رائے حاصل ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان صدر شی جن پنگ کے ’’انسانیت کے مشترکہ مستقبل کی حامل برادری‘‘ کے وژن اور اس سے وابستہ اقدامات جن میں بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ، عالمی ترقیاتی اقدام، عالمی سلامتی اقدام، عالمی تہذیبی اقدام اور عالمی نظم و نسق اقدامات کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے 25 اپریل تا یکم مئی 2026ء اپنے حالیہ دورہ چین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط اور ادارہ جاتی تعاون کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنے دونوں صدارتی ادوار میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے ذاتی طور پر فعال کردار ادا کیا ہے۔ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر مملکت نے اس موقع کو دوطرفہ تعلقات میں ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ نے اس مناسبت سے یادگاری قراردادیں بھی منظور کی ہیں۔صدر مملکت نے چین کو ’’دو اجلاس‘‘ کے کامیاب انعقاد اور 15ویں پانچ سالہ منصوبے کی منظوری پر مبارکباد دی۔
انہوں نے توانائی، زراعت، صنعت، ٹیکنالوجی، معدنیات اور بحری وسائل سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان میں بڑھتی ہوئی چینی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک نے پاکستان کی اقتصادی تبدیلی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ سی پیک فیز ٹو پر ایک منظم عملی منصوبے کے تحت عملدرآمد جاری ہے جس میں خصوصی اقتصادی زونز کے ذریعے صنعتی ترقی، ماحول دوست توانائی منصوبوں، زرعی جدیدکاری، روزگار اور معاشی بہتری کے اقدامات اور بہتر رابطہ کاری پر تیزی سے توجہ دی جا رہی ہے۔
سائی دا فینگ نے صدر شی جن پنگ کی جانب سے صدر آصف علی زرداری کے لیے نیک تمنائوں کا پیغام پہنچایا اور پاکستان چین دوستی کے فروغ کے لیے صدر مملکت اور ان کے خاندان کی دیرینہ حمایت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کی تقریبات دونوں ممالک کے درمیان پائیدار دوستی کو نئی نسل تک منتقل کرنے میں معاون ثابت ہوں گی۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ صدر شی جن پنگ اور صدر آصف علی زرداری کی قیادت میں دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ اس موقع پر علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، سینیٹر شیری رحمان، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، رکن قومی اسمبلی نوید قمر اور رکن قومی اسمبلی و پاکستان چین پارلیمانی دوستی گروپ کی کنوینر رومینہ خورشید عالم بھی شریک تھیں۔چینی وفد میں پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی دونگ، قومی عوامی کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے نائب سیکریٹری جنرل ژانگ شن من، قومی عوامی کانگریس کی امور خارجہ کمیٹی کی نائب چیئرپرسن وانگ کے، قومی عوامی کانگریس کی مالیاتی و اقتصادی امور کمیٹی کے رکن سائی جی منگ، وزارت خارجہ سے سفیر یوے شیاو یونگ اور قومی عوامی کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے دفتر برائے امور خارجہ کی نائب ڈائریکٹر جنرل شین ژے ای شامل تھے۔
