صدر ایف پی سی سی آئی کا شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کو خراج عقیدت

صدر ایف پی سی سی آئی کا شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کو خراج عقیدت

اسلام آباد۔21اپریل (اے پی پی):فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی) کے صدرعاطف اکرام شیخ نے شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کی 88 ویں برسی کے موقع پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں میں خودی، بیداری اور اتحاد کا شعور اجاگر کیا، جو آج بھی ہماری قومی زندگی کے لیے مشعلِ راہ ہے۔منگل کے روز اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ علامہ محمد اقبال کے افکار نہ صرف پاکستان کے قیام کی بنیاد بنے بلکہ آج بھی قوم کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ نوجوان نسل کو اقبال کے پیغامِ خودی، علم اور عمل سے رہنمائی حاصل کرنی چاہیے تاکہ وہ ملک کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔عاطف اکرام شیخ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی، خود انحصاری اور قومی یکجہتی کے فروغ میں اقبال کے نظریات کلیدی اہمیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے مسلمانوں کو ایک علیحدہ شناخت اور روشن مستقبل کا تصور دیا، جس کی بنیاد پر ایک آزاد ریاست کا خواب حقیقت بنا۔انہوں نے مزید کہا کہ یومِ وفات کے موقع پر پوری قوم علامہ محمد اقبال کی قومی و فکری خدمات کو سلام پیش کرتی ہے اور ہمیں ان کے افکار پر عمل پیرا ہو کر پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط اور مستحکم بنانا ہوگا۔