اسلام آباد۔10مئی (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کو زمبابوے کے خلاف سیریز میں شاندار کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔اتوار کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستانی ویمن کرکٹرز نے اپنے شاندار کھیل سے قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوری امید ہے پاکستان کی بیٹیاں کھیل کے میدان میں ملک کا نام روشن کرتی رہیں گی ۔ صدر مملکت نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی اور ٹیم مینجمنٹ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کرکٹ کے فروغ کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔ صدر مملکت نے قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی مزید کامیابیوں کیلئے دعا کی۔