اسلام آباد۔28مئی (اے پی پی):صدرِ مملکت آصف علی زرداری کو قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایف نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر مبارکباد دی ہے۔
جمعرات کو ایوانِ صدر کے پریس وِنگ کے مطابق قازقستان کے صدر نے صدرِ مملکت کے نام اپنے تہنیتی خط میں عیدالاضحیٰ کو خیر، ہم آہنگی اور اخوت کا پیغام دینے والا عظیم اسلامی تہوار قرار دیتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحیٰ مسلم امہ کے درمیان امن، یکجہتی اور باہمی افہام و تفہیم کے فروغ کا تہوار ہے۔
صدر قاسم جومارت توکایف نے دعا کی کہ مسلم امہ کے درمیان روحانی اتحاد اور باہمی ہم آہنگی مزید مضبوط ہو۔ قازقستان کے صدر کی صدرِ مملکت آصف علی زرداری کیلئے نیک تمناوں اور پاکستان کے عوام کیلئے خوشحالی و استحکام کی بھی دعا کی گئی۔