اسلام آباد۔20اپریل (اے پی پی):صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بنوں میں سکیورٹی فورسز کے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر انہیں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے بھارتی پشت پناہی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے اہم دہشت گردوں کی ہلاکت کو سراہا ہے۔پیر کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان میں صدر مملکت نے کہا کہ خوارجی رنگ لیڈر اور خودکش حملہ آور کی ہلاکت سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرأت کی آئینہ دار ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ایسے وقت میں جب پاکستان اپنی تمام توانائیاں خطے اور عالمی امن کے حصول میں صرف کر رہا ہے اس وقت ہمارے دشمن دہشتگردی کے ذریعے ہماری ان کوششوں کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔صدر مملکت نے کہا کہ ہم ان امن دشمن اور اسلام دشمن سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی مداخلت کی وجہ سے ہونے والی دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔