صادق آباد۔15 مئی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر رحیمیارخان ظہیر انور جپہ کی زیرِ صدارت تحصیل صادق آباد میں آئندہ منعقد ہونے والی چار روزہ انسدادِ پولیو مہم کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر حافظ بابر علی، محکمہ صحت کے افسران سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران محکمہ صحت کی جانب سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ تحصیل صادق آباد میں 18 مئی سے 21 مئی 2026 تک پولیو کی خصوصی مہم چلائی جائے گی۔
اس مہم کے دوران تین لاکھ پچیس ہزار سے زائد پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین پلائی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے فیلڈ ٹیموں، موبائل ٹیموں اور ٹرانزٹ پوائنٹس پر خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں تاکہ کوئی بھی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہے۔ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ پولیو مہم کو سو فیصد کامیاب بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور مائیکرو پلاننگ کو مزید مؤثر بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ فیلڈ ٹیموں کی سخت مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے اور حساس علاقوں میں خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں تاکہ اس موذی مرض کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ پولیو ٹیموں کو سیکیورٹی، ٹرانسپورٹ اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے جبکہ آگاہی مہم کو بھی مؤثر بنایا جائے ۔اجلاس میں انسدادِ پولیو مہم کے دوران درپیش ممکنہ چیلنجز اور ان کے حل پر بھی تفصیلی غور کیا گیا اور تمام متعلقہ محکموں کے مابین باہمی رابطہ مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔