اسلام آباد۔17اپریل (اے پی پی):نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا)کے ترجمان سید شباہت علی جعفری نے عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میعاد ختم ہونے والے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈز کی فوری طور پر تجدید کر ائیں بالخصوص دیہی علاقوں میں گھریلو خواتین اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سمیت دیگر صحت پروگراموں سے مستفید ہونے والے افراد کی ایسے شناختی کارڈز سے منسلک سمز بلاک کی جا سکتی ہیں۔ جمعے کے روز ایک مقامی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان نے بتایا کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے نادرا کے تعاون سے ملک بھر میں اْن موبائل سمز کو بلاک کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے جو میعاد ختم ہونے والے، منسوخ یا غیر مؤثر شناختی کارڈز پر رجسٹرڈ ہیں یا ایسے افراد کے نام پر جاری ہیں جو انتقال کر چکے ہیں، اس اقدام کا مقصد ڈیجیٹل سکیورٹی کو مضبوط بنانا اور ملک بھر میں ٹیلی کام ریکارڈ کو صاف اور تصدیق شدہ بنانا ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ بہت سی سمز اب بھی ایسے شناختی کارڈز پر فعال ہیں جو یا تو ایکسپائر ہو چکے ہیں یا فوت شدہ افراد کے نام پر ہیں جن میں وہ کیسز بھی شامل ہیں جہاں اہلِ خانہ نے اپنے والدین یا دیگر رشتہ داروں کے ریکارڈ کو اپڈیٹ یا منسوخ نہیں کروایا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایسے نمبرز کو بھی جانچ پڑتال کے عمل میں شامل کیا جا رہا ہے اور انہیں بلاک کیا جا سکتا ہے۔ ترجمان نے بالخصوص دیہی علاقوں کی گھریلو خواتین پر زور دیا کہ وہ آگاہ رہیں اور بروقت اپنے شناختی کارڈز کی تجدید یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اور دیگر صحت سے متعلق سکیموں سے مستفید ہونے والے افراد اپنی شناختی دستاویزات کو اپڈیٹ رکھیں تاکہ ان کی سہولیات متاثر نہ ہوں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی آگاہی اس حوالے سے نہایت اہم ہے اور شہری فوری طور پر اپنے شناختی کارڈ کی حیثیت چیک کریں اور تمام سمز کو درست طریقے سے رجسٹرڈ کروائیں تاکہ کسی بھی پریشانی سے بچا جا سکے کیونکہ حکام اس تصدیقی نظام پر سختی سے عملدرآمد کر رہے ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ جاری تصدیقی مہم کے دوران لاکھوں سمز پہلے ہی بلاک کی جا چکی ہیں اور حکام ٹیلی کام ڈیٹا بیس کو صاف کرنے کے لیے سرگرم عمل ہیں تاکہ صرف تصدیق شدہ اور فعال شناختی ریکارڈ ہی استعمال میں رہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو مسلسل سرکاری سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، الیکٹرانک میڈیا اور آگاہی مہموں کے ذریعے مطلع کیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے اور قوانین پر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ یہ تمام ابلاغی اقدامات وسیع حکمت عملی کا حصہ ہیں جس کا مقصد شہریوں کو تصدیقی عمل اور درکار اقدامات سے باخبر رکھنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شہری اپنے شناختی کارڈز کی تجدید 961 سے زائد نادرا دفاتر اور ای سہولت مراکز کے ذریعے باآسانی کروا سکتے ہیں ۔ وزارت داخلہ کی ہدایات کے تحت عوام کو سہولت فراہم کرنے اور قومی شناختی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔