اسلام آباد۔18مئی (اے پی پی):پاکستان کے شہروں سے متعلق جامع معلومات، اعدادوشمار اور تحقیقی تجزیے ایک ہی پلیٹ فارم پر فراہم کرنے کے اہم قومی منصوبے سٹی پیڈیا کا پہلا ٹیزر ویڈیو جاری کر دیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس(پائیڈ) کی جانب سے شروع کیا گیا ہے جس کا مقصد پاکستانی شہروں کی ساخت، ترقی، مسائل اور امکانات کو جدید تحقیقی بنیاد پر دستاویزی شکل دینا اور انہیں بہتر انداز میں سمجھنے کے لیے جامع علمی پلیٹ فارم تشکیل دینا ہے۔
منصوبے کے تحت پاکستان کے 20 بڑے شہروں کے تفصیلی پروفائلز تیار کیے گئے ہیں جن میں شہری زندگی کے مختلف پہلوؤں کا احاطہ کیا گیا ۔ سٹی پیڈیا میں 38 موضوعاتی شعبوں کے تحت 370 سے زائد اشاریوں کو شامل کیا گیا ہے جن کی مدد سے شہروں کی معاشی سرگرمیوں، بنیادی ڈھانچہ، تعلیم، صحت، ٹرانسپورٹ، ماحولیات، آبادی، رہائش، شہری سہولیات، کاروباری ماحول اور سماجی ترقی سمیت متعدد پہلوؤں کا تجزیہ کیا گیا ۔
منصوبے میں اعدادوشمار، تحقیقی شواہد، نقشے، بصری مواد، گرافکس اور تفصیلی بیانیے کو یکجا کیا گیا ہے تاکہ پالیسی سازوں، محققین، سرمایہ کاروں، طلبہ، شہری منصوبہ سازوں اور عام شہریوں کو پاکستانی شہروں کے بارے میں مستند، جامع اور قابلِ اعتماد معلومات فراہم کی جا سکیں۔ منصوبے کے منتظمین کے مطابق سٹی پیڈیا صرف ایک اشاعتی یا تحقیقی منصوبہ نہیں بلکہ پاکستان کا پہلا جامع شہری معلوماتی پلیٹ فارم تشکیل دینے کی کوشش ہے جو مستقبل میں شہری منصوبہ بندی، پالیسی سازی اور سرمایہ کاری کے فیصلوں میں معاون ثابت ہوگا۔
سٹی پیڈیا کی مکمل رپورٹس اور آن لائن ڈیش بورڈ اس وقت حتمی ڈیزائننگ کے مرحلے میں ہیں اور انہیں جلد عوام کے لیے جاری کیا جائے گا۔ پائیڈ کے مطابق پلیٹ فارم نہ صرف شہروں کی موجودہ صورتحال کو بہتر انداز میں پیش کرے گا بلکہ شہری ترقی کے رجحانات، چیلنجز اور مستقبل کی ضروریات کو سمجھنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ جاری کیے گئے پہلے ٹیزر ویڈیو میں سٹی پیڈیا کے حجم، دائرہ کار، تحقیقی وسعت اور ڈیٹا پر مبنی تجزیاتی صلاحیت کی جھلک پیش کی گئی ہے۔