اسلام آباد۔20اپریل (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے مفکر اسلام ، شاعر مشرق اور مصور پاکستان علامہ محمد اقبال رحمۃ اللہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے افکار نے ایک محکوم قوم کو بیداری، خود اعتمادی اور جدوجہد مسلسل کا شعور عطا کیا، آج کے قومی اور عالمی حالات میں ان کا پیغام ہمارے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔ منگل کو یوم اقبال پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ وہ پوری قوم کی جانب سے علامہ محمد اقبال رحمۃ اللہ کو دلی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ بلاشبہ علامہ اقبال مسلمانان برصغیر کے محسن اورعظیم فکری رہنما تھے، علامہ اقبال نے خودی، عمل، ایمان اور فکری آزادی کا پیغام دیا، علامہ اقبال کے افکار نے ایک محکوم قوم کو بیداری، خود اعتمادی اور جدوجہد مسلسل کا شعور عطا کیا۔انہوں نے کہا کہ آج کے قومی اور عالمی حالات میں علامہ اقبال کا پیغام ہمارے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔ فکری انتشار، انتہاپسندی، ، معاشرتی عدم برداشت اس امر کے متقاضی ہیں کہ ہم اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کو علامہ اقبال کی فکر ی تربیت کی روشنی میں استوار کریں، علامہ اقبال نے محبت، اخوت اور بیداری ملت کو مقصد حیات قرار دیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ علامہ اقبال کے نظریات کی روشنی میں پر امن، اتحاد، علم، کردار اور انصاف کی مضبوط بنیادوں پر قائم پاکستان ہی ہمارا مستقبل ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کے مکمل خاتمے اور ایک معتدل و ہم آہنگ معاشرے کے قیام کے لیے پرعزم ہے۔ وزیر اعظم نے یاد دلایا کہ علامہ اقبال کی نوجوان نسل کی تربیت پر خصوصی توجہ تھی، انہوں نے نوجوانوں کو ملت کا سرمایہ اور مستقبل کا معمار قرار دیا، نئی نوجوان نسل کو علم، ہنر، کردار، خود داری اور حب الوطنی سے آراستہ کرنا قومی مستقبل کے لئے ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اس امر پر یقین رکھتی ہے کہ تعلیم کو فکری، اخلاقی اور قومی بنیادوں پر استوار کیے بغیر قومی ترقی کا خواب مکمل نہیں ہو سکتا، اسی نظریہ کے تحت نوجوانوں کو بااختیار بنانے، انہیں جدید مہارتوں سے ہم آہنگ کرنے اور قومی ترقی میں ان کے کردار کو مضبوط بنانے کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں
۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان اگر فکر اقبال سے رہنمائی حاصل کریں تو وہ ملک کو ترقی و استحکام اور وقار کی نئی منزلوں سے ہمکنار کر سکتے ہیں، نوجوانوں کے ساتھ پوری قوم کے لئے بھی علامہ اقبال نے امید اور مسلسل آگے بڑھنے کا درس دیا جو ہماری قومی امنگوں کی ترجمانی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم اقبال کے موقع پر آئیے یہ عہد کریں کہ اقبال کے افکار کو اپنی قومی پالیسی، تعلیمی ترجیحات اور اجتماعی طرز فکر کا حصہ بنائیں گے اور ایسے پاکستان کی تعمیر کے لیے کام کریں جو ایک تابندہ مستقبل کا ضامن ہو، انشاءاللہ۔