اسلام آباد۔21اپریل (اے پی پی):وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے کہا ہے کہ علامہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ برصغیر کے عظیم مفکر، شاعر اور رہنما تھے جنہوں نے اپنے فکر و فلسفہ سے مسلمانوں میں خودی، بیداری اور آزادی کی روح کو اجاگر کیا۔ مفکر پاکستان و شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال ؒکے افکار آج بھی ہماری تعلیمی، فکری اور قومی رہنمائی کا اہم سرچشمہ ہیں، ان کا پیغام بالخصوص نوجوان نسل کے لیے مشعل راہ ہے کہ وہ علم، کردار اور خود اعتمادی کو اپناتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں۔ وزیر مملکت نے مزید کہا کہ حکومت تعلیمی نظام میں ایسی اصلاحات کے لیے کوشاں ہے جو نوجوانوں کو اقبال کے افکار سے روشناس کرائیں اور انہیں ایک باوقار، خوداعتماد اور ذمہ دار شہری بننے میں مدد دیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہم علامہ اقبال کے تصور خودی اور فکر پاکستان کو فروغ دیتے ہوئے ایک مضبوط، مستحکم اور ترقی یافتہ پاکستان کی تعمیر کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے