سیکرٹری ہائوسنگ کا اسکائی گارڈن اور گرین انکلیو ون کا دورہ، ترقیاتی کام تیز کرنے کی ہدایت

سیکرٹری ہائوسنگ کا اسکائی گارڈن اور گرین انکلیو ون کا دورہ، ترقیاتی کام تیز کرنے کی ہدایت

اسلام آباد۔13اپریل (اے پی پی):سیکرٹری وزارتِ ہائوسنگ اینڈ ورکس کیپٹن (ر) محمد محمود نے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کے دو اہم منصوبوں، اسکائی گارڈن اور گرین انکلیو ون کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ہاؤسنگ اتھارٹی کیپٹن (ر) ظفر اقبال اور دیگر اعلیٰ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔دورے کے دوران سیکرٹری ہاؤسنگ نے اسکائی گارڈن میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے کام کی رفتار مزید تیز کی جائے۔ انہوں نے ٹیکنیکل ٹیم کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کام جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ الاٹیز کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ الاٹیز کے مفادات کا تحفظ اولین ترجیح ہے، لہٰذا موضع کٹھار فیز ون میں کم از کم دو ہزار پلاٹس کا قبضہ جلد از جلد دیا جائے اور وہاں بجلی، پانی، گیس اور سیکیورٹی سمیت تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

بعد ازاں سیکرٹری ہاؤسنگ نے گرین انکلیو ون کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کی صدارت کی، جس میں منصوبے کو درپیش چیلنجز، وسائل اور دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ٹیکنیکل ٹیم کو ہدایت کی گئی کہ جوائنٹ وینچر (JV) پارٹنر کے ساتھ تمام معاملات قانون کے مطابق طے کیے جائیں، جبکہ JV پارٹنرز کو ترقیاتی کام فوری طور پر شروع کرنے کی تاکید کی گئی۔سیکرٹری ہاؤسنگ نے شفافیت اور بین الادارہ جاتی تعاون کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کو معیاری رہائشی سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے اور تمام منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنا اولین ترجیح ہے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ گرین انکلیو ون منصوبے پر فوری پیش رفت یقینی بنائی جائے اور اسے جلد از جلد مکمل کیا جائے، تاکہ اسے ایک مثالی رہائشی منصوبے کے طور پر پیش کیا جا سکے۔