سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی سرگودھا کا جنرل بس اسٹینڈ،ویگن اڈوں کا دورہ

سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی سرگودھا کا جنرل بس اسٹینڈ،ویگن اڈوں کا دورہ

سرگودھا۔ 29 مئی (اے پی پی):سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی سرگودھا ملک محمد طاہر نے عید کے تیسرے روز جنرل بس اسٹینڈ اور دیگر ویگن اڈوں کا دورہ کیا اورعیدالاضحیٰ پر مسافروں کیلئے سہولیات کا جائزہ لیا اور اوورچارجنگ اور اوورلوڈنگ کے حوالے سے گاڑیوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے سرگودھا ڈویژن سے عیدالاضحیٰ کے بعد سرگودھا سے اپنے شہروں کو واپس جانے والے مسافروں کو فراہم سہولیات اور مقررہ کرایوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔ انہوں نے جنرل بس اسٹینڈ پر مختلف ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے کاؤنٹرز کا معائنہ کیا، مسافروں سے ملاقات کی اور اُن کے ٹکٹس چیک کیےتاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے مقرر کردہ کرایوں پر مکمل عملدرآمد ہو رہا ہے۔

اُنہوں نے بسوں اور ویگنوں پر کرایہ نامے نمایاں انداز میں آویزاں ہونے کا بھی جائزہ لیا۔ سیکرٹری نے بس اسٹینڈ پر مسافروں کیلئے بیٹھنے کے انتظامات، پینے کے صاف پانی، لائٹنگ، پنکھوں اور دیگر بنیادی سہولیات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اُنہوں نے سکیورٹی انتظامات کابھی جائزہ لیااور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عید کے موقع پر شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے تاکہ وہ اپنے شہروں کو بخیریت روانہ ہو سکیں۔ اُنہوں نے واضح کیا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق نہ اوورلوڈنگ برداشت کی جائے گی اور نہ ہی اوورچارجنگ ۔ اُنہوں نے کہا کہ اگر کسی بھی ٹرانسپورٹر کے خلاف زائد کرایہ وصول کرنے یا مسافروں کو مشکلات میں ڈالنے کی شکایت موصول ہوئی تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔