اسلام آباد۔18مئی (اے پی پی):وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کی جانب سے سکول سے باہر بچوں کے لئے بنیادی تعلیم کے فروغ کی جاری کوششوں کے سلسلے میں سیکرٹری وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت ندیم محبوب نے بہارہ کہو میں نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ (این سی ایچ ڈی ) کے ایک نان فارمل ایجوکیشن (این ایف ای ) مرکز کا دورہ کیا۔دورے کے دوران سیکرٹری وفاقی تعلیم نے تدریسی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا اور معلمہ مریم عمران اور 57 زیرِ تعلیم طلبہ سے ملاقات کی تاکہ حال ہی میں تقسیم کی گئی نان فارمل ایجوکیشن ٹیچر ایڈ کٹس کے مؤثر استعمال کا جائزہ لیا جا سکے۔ اس موقع پر اس بات پر خصوصی توجہ دی گئی کہ یہ کٹس کس طرح جماعتی تدریس میں شامل کی جا رہی ہیں تاکہ کثیر الجماعتی ماحول میں سرگرمیوں پر مبنی اور باہمی شمولیتی تعلیم کو فروغ دیا جا سکے۔
نان فارمل ایجوکیشن ٹیچر ایڈ کٹس ایک بڑے اقدام کا حصہ ہیں جس کے تحت وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت نے اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری ، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں نان فارمل ایجوکیشن اساتذہ میں 3,450 کٹس تقسیم کی ہیں۔ یہ کٹس خصوصی طور پر نان فارمل اور تیز رفتار تعلیمی مراکز کے لئے تیار کی گئی ہیں تاکہ عملی، شمولیتی اور بچوں پر مرکوز تدریسی طریقوں کے ذریعے بنیادی خواندگی اور حسابی مہارتوں کو مضبوط بنایا جا سکے۔ ہر کٹ میں 17 تدریسی اشیاء شامل ہیں جن میں پاکٹ بورڈز، فلیش کارڈز، کرداروں کے ماسک، سانپ سیڑھی کا کھیل، ہاتھ سے تیار کردہ پتلے، انگریزی و اردو حروفِ تہجی کے فلیش کارڈز، لفظ سازی کی سرگرمیاں، نمبر کارڈز، ریاضی کے جِگ سا پزلز، میجک چارٹس، سائنسی چارٹس و تجرباتی مواد، اور یونٹ ٹینز کارڈز شامل ہیں۔
یہ تدریسی وسائل کہانی سنانے، تعلیمی کھیلوں، بصری تعلیم، کردار ادا کرنے اور مشترکہ سرگرمیوں کے ذریعے مؤثر اور جامع تدریس کو فروغ دیتے ہیں، خصوصاً ایسے کثیر الجماعتی ماحول میں جہاں ایک استاد مختلف عمر اور تعلیمی سطح کے بچوں کو بیک وقت تعلیم دیتا ہے۔سیکرٹری وفاقی تعلیم نے کمیونٹی سطح پر خدمات انجام دینے والے نان فارمل ایجوکیشن اساتذہ کی کاوشوں کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ تدریسی مواد کا مؤثر استعمال طلبہ کی دلچسپی اور تعلیمی نتائج کو مزید بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
اس اقدام کی مؤثر عملداری کو یقینی بنانے کے لئے وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کی جانب سے حال ہی میں تمام این ایف ای اساتذہ کے لئے ٹیچر ایڈ کٹس کے مؤثر استعمال اور سرگرمیوں پر مبنی تدریسی طریقوں کے حوالے سے آئی سی ٹی پر مبنی تربیتی سیشنز بھی منعقد کئے گئے ہیں۔ اس موقع پر سیکرٹری وفاقی تعلیم کے ہمراہ ڈائریکٹر جنرل این سی ایچ ڈی علی اصغر اور این سی ایچ ڈی کی ٹیم کے دیگر اراکین بھی موجود تھے۔
