لاہور۔25مئی (اے پی پی):سیکرٹری ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر نے عیدالاضحٰی کی تعطیلات کے دوران صوبے کے تمام اضلاع میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کےلئے فوری اقدامات یقینی بنانے کےلئے میڈیکل کور و ریسکیوایمرجنسی انتظامات کے عملی نفاذ کا جائزہ لیا۔
عیدالاضحٰی ایمرجنسی پلان کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عید کی تعطیلات کے دوران صوبے بھر میں بروقت ایمبولینس، ریسکیو، واٹر اور فائر سروسز کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ریسکیو 1122 تمام اضلاع میں ہائی الرٹ رہے گا ، تمام ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرز کو ہدایت کی گئی کہ شہریوں کو بروقت ایمرجنسی سروسز کی فراہمی کے لیے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے تاکید کی کہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال میں متاثرین کے موثر علاج و معالجے کے لیے ضلعی اور تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے۔ترجمان ریسکیو کےمطابق اجلاس میں ڈائریکٹرز ایمرجنسی سروسز، ہیڈز آف وِنگز نے شرکت کی جبکہ پنجاب بھر کے تمام ضلعی ایمرجنسی آفیسرز ریسکیو نے ویڈیو لنک کے ذریعے حصہ لیا۔ اجلاس کے دوران تمام ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرز نے سیکرٹری ایمرجنسی سروسز کو اپنے اضلاع میں عیدالاضحٰی کے حوالے سے تیاریوں اور آپریشنل حکمت عملی پر بریفنگ دی جس میں اہم چیلنجز، کلیدی اور مربوط اقدامات کو اجاگر کیا گیا تاکہ عید کی تعطیلات کے دوران موثر ایمرجنسی رسپانس یقینی بنایا جا سکے۔ہیڈ آف آپریشنز نے سیکرٹری ایمرجنسی سروسز کو بریفنگ دی کہ صوبے میں ایمرجنسی کی صورت میں بروقت اور پیشہ ورانہ ریسکیو سروسز کی فراہمی کے لیے عید کے دوران 12,000 سے زائد ریسکیورزمتعین ہوں گے جو ایمرجنسی ریسکیو سٹیشن،اہم مقامات پر ایمرجنسی وہیکل پہ خدمات سر انجام دیں گے۔ اس کے علاوہ پنجاب بھر میں 1000 اہم عید کے اجتماعات کے مقامات پربھی ریسکیورز کو تعینات کیا جائے گا۔ پنجاب کے تمام اضلاع میں 2,300 ریسکیو موٹر بائیکس، 896 ایمرجنسی ایمبولینسزاور 316 فائر وہیکلز بھی ریسکیو سروسز میں مصروف بہ عمل ہوں گی۔ ایمرجنسی سروسز ہیڈ کوارٹرز میں صوبائی ایمرجنسی آپریشن سنٹر24 گھنٹے فعال رہے گا تاکہ ضلعی ایمرجنسی پلانز کامانیٹرنگ کے ذریعے موثر نفاذ یقینی بنایا جا سکے۔ضلعی ایمرجنسی افسران نے سیکرٹری ایمرجنسی سروسز کو بریفنگ دی کہ عیدالاضحٰی کے ایمرجنسی پلانز بشمول عید کی تعطیلات کے دوران ہنگامی حالات سے نمٹنے کےلئے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کی مشاورت سے اپنے اپنے متعلقہ اضلاع میں حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں عید کی تعطیلات کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے پہ بروقت رسپانس اور مدد کےلئے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ میٹنگز میں تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ایمرجنسی رسپانس اور مینجمنٹ پلانز بھی تیار کیے گئے ہیں۔اس موقع پر ڈاکٹر رضوان نصیر نے تمام شہریوں سے اپیل کی کہ وہ عید کے موقع پر اپنے آبائی علاقوں کو جاتے ہوئے محتاط ڈرائیونگ کریں اورزیادہ کھانے سے پرہیز کریں تاکہ چوکنگ، فوڈ پوائزننگ اور معدے کی تکالیف جیسے ایمرجنسی مسائل سے بچا جا سکے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ پانی کی تفریحی جگہوں پر جاتے وقت تمام حفاظتی تدابیر اختیار کریں اور بغیر لائف جیکٹ کے پانی یا کشتی میں نہ جائیں۔ مزید برآں، انہوں نے نوجوان موٹر سائیکل سواروں سے اپیل کی کہ خطرناک کرتب خاص طور پر ون ویلنگ سے گریز کریں۔ سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ نے پنجاب ایمرجنسی سروس (ریسکیو 1122) کی جانب سے تمام شہریوں کو محفوظ عید کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔