اسلام آباد۔26مئی (اے پی پی):وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ سیاسی معاملات کا حل صرف مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔منگل کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ سیاسی امور کو مناسب اور تعمیری انداز میں حل کرنے کے لیے اپوزیشن لیڈر کو مذاکرات کی دعوت دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت اور وژن کے تحت ملک ترقی کی جانب گامزن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبوں سے پاکستان کو نمایاں فوائد حاصل ہوں گے۔امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی پر تبصرہ کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی قیادت نے دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں دیرپا امن اور استحکام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔