حیدرآباد۔ 29 مئی (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات اور رکنِ قومی اسمبلی شازیہ مری نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی استحکام ہی معاشی بہتری کی ضمانت ہے، تاہم خطے کی موجودہ صورتحال اور سرحدی کشیدگی کے باعث حکومت کو بعض سخت فیصلے کرنا پڑے ہیں۔ انہوں نےکہا کہ حکومت غریب اور مزدور طبقے کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کیلئے ٹارگٹڈ سبسڈی فراہم کرے۔ سانگھڑ میں مختلف ترقیاتی منصوبوں اور عوامی سہولیات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ عوامی فلاح و بہبود کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور اس نے کبھی ملکی نظام کو نقصان پہنچانے کی کوشش نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں سیاسی استحکام ہوگا تو معاشی استحکام بھی ممکن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت میں شمولیت نہ ہونے کے باوجود پیپلز پارٹی بطور اتحادی عوامی مفاد میں اپنی تجاویز دیتی رہتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امیر طبقے کے بجائے غریب ہاریوں، مزدوروں اور زرعی شعبے کو سبسڈی دی جانی چاہیے تاکہ مہنگائی کے اثرات کم ہوسکیں۔ شازیہ مری نے کہا کہ قبل ازیں پیپلز پارٹی کے سابق دورِ حکومت میں بھی عالمی معاشی بحران کے باوجود عوام پر مہنگائی کا بوجھ کم رکھنے کی کوشش کی گئی تھی۔ انہوں نے موجودہ حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ جمہوری نظام مستحکم ہوسکے۔انہوں نے بعض سیاسی مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عوام اب باشعور ہوچکے ہیں اور ترقیاتی کاموں کو اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل کو اپنے بہتر مستقبل کیلئے درست قیادت کا انتخاب کرنا ہوگا۔
شازیہ مری نے سانگھڑ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چیسٹ پین یونٹ، ایمبولینس سروس، فائر بریگیڈ اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جاچکی ہیں جبکہ این آئی سی وی ڈی منصوبہ بھی جلد مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سانگھڑ ہسپتال کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر کا درجہ دلوانے کے بعد فنڈنگ میں اضافہ ہوا ہے اور طبی سہولیات بہتر بنانے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی سیاست کا مقصد سانگھڑ کے عوام کو خوشحال بنانا، سڑکوں اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر کرنا، تعلیم و صحت کی سہولیات فراہم کرنا اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔ ان کے مطابق ان کے حلقہ میں گزشتہ ڈھائی برسوں کے دوران 250 سے زائد اسکول تعمیر کیے گئے جبکہ 50 سے زائد آر او پلانٹس بھی نصب کیے جاچکے ہیں۔ شازیہ مری نے کہا کہ وہ سیاسی اختلافات کے باوجود اجتماعی ترقی پر یقین رکھتی ہیں اور تمام سیاسی جماعتوں کو عوامی مفاد کیلئے متحد ہوکر کام کرنا چاہیے۔