سپیکر قومی اسمبلی کی ضلع باجوڑ کے علاقے سلارزئی میں انسدادِ پولیو مہم کی ٹیم پر فائرنگ کی شدید مذمت

سپیکر قومی اسمبلی کی ضلع باجوڑ کے علاقے سلارزئی میں انسدادِ پولیو مہم کی ٹیم پر فائرنگ کی شدید مذمت

اسلام آباد۔18مئی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ضلع باجوڑ کے علاقے سلارزئی میں انسدادِ پولیو مہم کی ٹیم پر فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس کے نتیجہ میں سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار قادر اور عزیز کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ پیر کو اپنے ایک مذمتی بیان میں انہوں نے شہید پولیس اہلکاروں قادر اور عزیز کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں کی پیشہ ورانہ خدمات قابل تحسین ہیں ۔ انہوں نے شہداء کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کا شریک ہوں۔

پولیو ٹیموں اور سکیورٹی اہلکاروں پر حملے قومی خدمت کے جذبے پر حملہ ہیں۔ معصوم بچوں کو پولیو جیسے موذی مرض سے بچانے کے لیے خدمات انجام دینے والوں کو نشانہ بنانا انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت ہے۔ دہشتگرد عناصر قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے، پوری قوم سکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ دہشتگرد اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کے لیے پولیو جیسی قومی مہم کو سبوتاژ کر رہے ہیں۔ ملک میں امن کے قیام کے لیے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے شہید پولیس اہلکاروں کے درجات کی بلندی اور مغفرت اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔