سپیکر قومی اسمبلی سے روس، چین، آذربائیجان، نیپال، مالدیپ اور ازبکستان کے پارلیمانی وفود کی ملاقاتیں

سپیکر قومی اسمبلی سے روس، چین، آذربائیجان، نیپال، مالدیپ اور ازبکستان کے پارلیمانی وفود کی ملاقاتیں

استنبول/اسلام آباد۔18اپریل (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے روس، چین، آذربائیجان، نیپال، مالدیپ اور ازبکستان کے پارلیمانی وفود نے استنبول (ترکیہ) میں منعقدہ بین الپارلیمانی یونین کی 152ویں جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران ملاقاتیں کیں۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق روسی اسٹیٹ ڈوما کی چیئرپرسن ویلنٹینا میٹویینکو اور چین کے پارلیمانی وفد نے حالیہ علاقائی کشیدگی کے دوران پاکستان کے مخلصانہ کردار کو سراہا۔ دونوں وفود نے امریکا۔ایران مذاکرات کے لیے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ چینی پارلیمانی وفد کے سربراہ ژوئے جن نے چین پاکستان دوستی کو دنیا کیلئے مثال قرار دیا۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے گزشتہ آٹھ دہائیوں کے دوران چین کی جانب سے مسلسل تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اور چین آئرن برادرزہیں، پاکستان کو چین کے ساتھ اپنی بے مثال دوستی پر فخر ہے۔

مالدیپ کے سپیکر عبدالرحیم نے بھی سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کی۔ سپیکر مالدیپ عبدالرحیم نے خلیجی جنگ کے باعث مالدیپ کی معیشت کو ہونے والے نقصانات سے آگاہ کیا۔ مالدیپی وفد نے کہا کہ جنگ کے باعث ہزاروں سیاحوں نے مالدیپ کا دورہ منسوخ کر دیا۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے اپنے مالدیپی ہم منصب کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ آذربائیجان کی سپیکر صاحبہ غفارووا نے بھی سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کی۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے اہم عالمی و علاقائی مسائل پر دونوں ممالک کے مابین تعاون کو سراہا۔ سپیکر آذربائیجان صاحبہ غفارووا نے آئی پی یو اسمبلی کی صدارت کے لیے بطور امیدوار اپنی نامزدگی سے آگاہ کیا۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے مشاورت کے ذریعے مسلم ممالک کی جانب سے ایک مشترکہ امیدوار نامزد کرنے کی تجویز دی۔

ازبکستان کی چیئرپرسن تنزیلہ نربائیوا نے بھی سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کی۔ چیئرپرسن ازبکستان تنزیلہ نربائیوا نے کہا کہ دونوں ممالک ثقافت، زبان اور تاریخ کے مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے ثمرقند اور بخارا میں اسلامی مرکز کے قیام کی تقریب میں شرکت کے لیے سپیکر قومی اسمبلی کو دعوت دی۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے دعوت پر ازبک قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

حالیہ توانائی بحران کے پیشِ نظر پاکستانی وفد کو کم سے کم اراکین تک محدود رکھا گیا ہے۔ پاکستانی وفد کے اراکین اپنے دورے کے تمام اخراجات خود برداشت کر رہے ہیں۔ وفد میںسپیکر قومی اسمبلی کے علاوہ وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ شامل ہیں۔ سینیٹر طلحہ محمود، سینیٹر عامر ولی الدین چشتی، اراکین قومی اسمبلی ڈاکٹر شرمیلا فاروقی ہشام وفد کا حصہ ہیں۔ پارلیمانی وفد میں انعام اللہ خان، اسد عالم نیازی اور فہیم چشتی بھی شامل ہیں۔